“بدعنوان”: ایلون مسک کا پیدرو سانچیز پر ایک بار پھر وار، اراگون میں PSOE کی شکست کے بعد نیا الزام
Screenshot
بارسلونا/ دنیا کے امیر ترین شخص اور معروف ٹیکنالوجی کاروباری ایلون مسک نے اراگون کے علاقائی انتخابات میں ہسپانوی سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کی شکست کے بعد وزیراعظم پیدروسانچیز پر ایک بار پھر شدید تنقید کی ہے۔ مسک نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے ہسپانوی حکومت پر انتخابی سازش کا الزام عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ تارکینِ وطن کی بڑے پیمانے پر ریگولرائزیشن دراصل ووٹ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
ایلون مسک، جو ایکس (سابق ٹوئٹر) کے مالک بھی ہیں اور جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 23 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے، نے سابق امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار مائیک بینز کا ایک پیغام آگے بڑھایا۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ “اسی لیے بدعنوان ہسپانوی حکومت اچانک 5 لاکھ تارکینِ وطن کو ملک میں بسانے کے لیے بے تاب ہے اور ان پر تنقید کرنے والی ہر آواز کو جرم بنا رہی ہے۔ ان کی پارٹی انتخابات ہار رہی ہے اور اپنے ہی ووٹروں میں مقبولیت کھو چکی ہے، اس لیے اقتدار میں رہنے کے لیے وہ باہر سے ووٹر درآمد کر رہے ہیں۔”
یہ الزام دو نکات پر مرکوز ہے۔ ایک طرف ایلون مسک اسپین میں تقریباً سات لاکھ غیر ملکیوں کو غیر معمولی طور پر قانونی حیثیت دینے کے حکومتی اعلان پر ناراض نظر آتے ہیں۔ حالانکہ ماضی میں فیلپے گونزالیز، خوسے ماریا ازنار اور خوسے لوئیس رودریگز زاپاتیرو بھی ایسی پالیسیاں نافذ کر چکے ہیں، تاہم مسک کے مطابق پیڈرو سانچیز کا یہ اقدام سیاسی مفاد کے لیے ہے تاکہ تارکینِ وطن یا پناہ کے متلاشی افراد سے ووٹ حاصل کیے جا سکیں۔
جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ایلون مسک ماضی میں بھی انتہائی دائیں بازو کی مشہور سازشی تھیوری “گریٹ ریپلیسمنٹ” کی حمایت کرتے رہے ہیں، جس کے مطابق مبینہ طور پر اشرافیہ مقامی سفید فام آبادی کو غیر سفید فام تارکینِ وطن سے بدلنے کی خفیہ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ مسک امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی بارہا انتخابی سازشوں کے خدشات کو ہوا دیتے رہے ہیں۔
دوسری جانب مسک نے اراگون میں PSOE کی انتخابی شکست کو بنیاد بنا کر ہسپانوی حکومت کے ان منصوبوں پر بھی حملہ کیا جن کے تحت 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مالکان کو صارفین کے مواد پر قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
اگر یہ پالیسیاں نافذ ہوئیں تو ان کا براہِ راست اثر ایلون مسک پر پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس سے قبل بھی پیدرو سانچیز کو “آمر” اور “ہسپانوی عوام کا غدار” قرار دے چکے ہیں۔