بارسلونا میں نیا میٹروپولیٹن بس روٹ متعارف، لااوہسپیتالیت، کورنیّا اور دایاگونال کے درمیان رابطہ بہتر
Screenshot
بارسلونا میں شہری آمد و رفت کو مزید سہل بنانے کے لیے ایک نیا میٹروپولیٹن بس روٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ ایریا میٹروپولیتانا دی بارسلونا (AMB) کے مطابق آئندہ پیر سے میٹروبس کی نئی لائن M15 فعال ہو جائے گی، جو لا اوہسپیتالیت، کورنیّا دے یوبریگات اور بارسلونا کی مرکزی شاہراہ ایونیو ڈایاگونل کے درمیان بہتر سفری سہولت فراہم کرے گی۔
اے ایم بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ نئی بس لائن زونا یونیورسیتاریا سے لے کر ایلا دایاگونال تک چلائی جائے گی، جس کا مقصد ان علاقوں کو جوڑنا ہے جہاں مسافروں کی تعداد پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔
نئی لائن M15 کا انتظام و انصرام ٹرانسپورٹ کمپنی مووینتس کے سپرد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس بس سروس کا آغاز خاص طور پر ان مصروف سفری راستوں پر گنجائش اور سہولت میں بہتری کے لیے کیا گیا ہے جہاں روزانہ مسافروں کا دباؤ نمایاں ہے۔
اے ایم بی کا کہنا ہے کہ اس نئی لائن کے ذریعے موجودہ میٹروبس لائنوں M12 اور M14 پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو کم کیا جائے گا، کیونکہ ان دونوں روٹس پر اس وقت استعمال کی سطح خاصی بلند ہے۔
واضح رہے کہ میٹروبس کی اعلیٰ معیار کی یہ سروسز پیر تا جمعہ ہر دس منٹ بعد دستیاب ہوں گی، جبکہ ہفتے کے ساتوں دن بس سروس جاری رہے گی، تاکہ شہریوں کو مستقل اور قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آ سکے