میں مذہب سے بہت قریب ہوں، کبریٰ خان
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے اداکاروں کے بارے میں لوگوں کے ذہنوں میں موجود مذہب سے دوری کے عام تاثر پر بات کی ہے۔
کبریٰ خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے زندگی میں مذہب اور عبادت کی اہمیت سے متعلق گفتگو کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں زندگی میں ملنے والی کسی بھی کامیابی کا کریڈٹ نہیں لیتی کیونکہ مجھے زندگی میں آج تک جو کچھ بھی ملا ہے وہ سب صرف اللّٰہ کی مرضی سے ملا ہے اس میں میرا کوئی کمال نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں مذہب کے بہت قریب ہوں تو مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ اگر میں ایک دن میں پانچ وقت کی نماز پڑھتی ہوں تو یہ بھی صرف اللّٰہ کی مرضی سے ممکن ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ وہ زندگی میں تین بار اعتکاف میں بیٹھ چُکی ہیں اور جب میں پہلی بار اعتکاف میں بیٹھی تھی تو میں بہت پُر جوش تھی اور میرا وہ تجربہ بہت اچھا تھا۔
کبریٰ خان نے مزید بتایا کہ جب میرا اعتکاف ختم ہوا تو کچھ لوگوں نے مجھے دیکھ کر کہا کہ تمہارے چہرے پر نور ہے لیکن مجھے ان کی باتوں پر بالکل یقین نہیں آیا۔
اُنہوں نے اداکاروں کے بارے میں ہمارے معاشرے میں پائے جانے والے عام تاثر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں لوگ یہ سوچتے ہیں کہ جو لوگ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں وہ مذہب سے بہت دور ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب میں عمرہ کرنے کے بعد پاکستان واپس آئی تو سب لوگوں کا روّیہ میرے ساتھ بہت اچھا تھا لیکن ایک خاتون نے جوکہ خود بھی شوبز انڈسٹری کا حصّہ ہیں اُنہوں نے کہا کہ ’دیکھو کیسے کیسے لوگ عمرہ کرنے جا رہے ہیں‘ تو میں نے اُنہیں جواب دیا کہ اللّٰہ بلاتا ہے تو جاتے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اپنی عبادات کے بارے میں سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ شیئر نہیں کرتی کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ عبادت اللّٰہ اور اس کے بندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات ہے تو میں اس بارے میں لوگوں کو نہیں بتانا چاہتی تھی۔
کبریٰ خان نے مزید بتایا کہ میری عمرے پر جانے کی خبر سوشل میڈیا پر اس لیے پھیلی کیونکہ جب میں مدینہ پہنچی تو وہاں ایک مداح نے میرے ساتھ تصویر لی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو وائرل ہوگئی تھی۔