فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی جانب سے ارجنٹینا فٹ بال فیڈریشن کے صدر کلاڈیو تاپیا کو بھیجا گیا خط منظر عام پر آ گیا ہے۔
اپنے خط میں جیانی انفینٹینو نے 19 جولائی 2026 کو کھیلے گئے فائنل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ارجنٹینا نے اسپین کے خلاف ایک سنسنی خیز فائنل کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سلور میڈل حاصل کیا، اور وہ ارجنٹائن فٹ بال کی اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ارجنٹینا کی ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنانے کا سبب بنی، جبکہ کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی کی محنت، پیشہ ورانہ انداز اور کھیل سے محبت ہی اس کامیابی کی بنیاد ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ فائنل میں اضافی وقت کے دوران اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد گراؤنڈ میں ماحول کشیدہ ہو گیا تھا، جہاں ہسپانوی ٹیم کی ٹرافی اٹھانے کی تقریب کے وقت ارجنٹینا کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے پیٹھ موڑ لی تھی اور میچ کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔جس کی فیفا فی الوقت تفتیش کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے اختتام پر میڈل ہولڈرز ٹیموں کو فیفا کی جانب سے رسمی مبارکباد کے خطوط بھیجنا ایک روایتی عمل ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ یہ خط ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیفا اسپین کے خلاف فائنل میچ کے خاتمے پر گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی کی باضابطہ تحقیقات کر رہا ہے۔
