اسپین کی لبنان میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
Screenshot
اسپین کی حکومت نے ہفتہ کے روز لبنان کے جنوبی شہر بنت جبیل میں ایک طبی مرکز پر اسرائیلی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں 12 ڈاکٹر اور طبی عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے۔
ہسپانوی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ“ہسپتالوں پر حملے، چاہے یہاں ہوں یا غزہ جیسے دیگر مقامات پر، بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی اور ناقابلِ قبول خلاف ورزی ہیں۔ اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ہسپتال کبھی بھی فوجی اہداف نہیں ہوتے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسپین ڈاکٹروں اور طبی عملے کی اس بنیادی اور انسانی خدمت کے تحفظ کے لیے اپنے مکمل عزم کا اعادہ کرتا ہے، خصوصاً جنگی حالات میں جہاں ان کی خدمات انسانی جانیں بچاتی ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اسپین لبنان میں تعینات اقوامِ متحدہ کے امن مشن فِنول (UNIFIL) پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کرتا ہے۔ گزشتہ روز ایسے ہی ایک حملے کے نتیجے میں نیپالی دستے کے ہیڈکوارٹر میں آگ لگ گئی تھی۔