اٹلی کا بڑا اعلان: 2026 سے 2028 تک تقریباً پانچ لاکھ ورک ویزے جاری کرنے کا فیصلہ
اٹلی نے آئندہ برسوں میں لیبر کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 2026 سے 2028 کے دوران تقریباً پانچ لاکھ نئے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک کی معیشت کو مستحکم رکھنے اور مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی افرادی قوت کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2026 میں 1 لاکھ 64 ہزار 850 غیر ملکی شہریوں کو اٹلی میں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ مجموعی طور پر 2028 تک 4 لاکھ 97 ہزار 550 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کوٹہ ملک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات، صنعتوں کی طلب اور گزشتہ برسوں میں موصول ہونے والی درخواستوں کے رجحانات کو مدنظر رکھ کر طے کیا گیا ہے۔
یہ اقدام جورجیا میلونی کی حکومت کی امیگریشن پالیسی کا اہم حصہ ہے، جس کے تحت ایک طرف قانونی امیگریشن کے راستے کھولے جا رہے ہیں تو دوسری جانب غیر قانونی داخلے کے خلاف سخت اقدامات بھی جاری رکھے گئے ہیں۔ حکومت اس توازن کے ذریعے معیشت کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ سرحدی کنٹرول کو بھی مؤثر بنانا چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اٹلی نے 2023 سے 2025 کے درمیان 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد ورک پرمٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ اسی تسلسل میں اب نئی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ مختلف شعبوں جیسے زراعت، تعمیرات، سیاحت اور سروس انڈسٹری میں کارکنوں کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اٹلی کو مستقبل میں مزید افرادی قوت کی ضرورت پیش آئے گی، کیونکہ ملک میں آبادی کی شرح میں کمی اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق 2050 تک اٹلی کو کم از کم ایک کروڑ (10 ملین) تارکین وطن کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ معیشت کا پہیہ رواں رکھا جا سکے۔
یہ اعلان بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو یورپ میں بہتر روزگار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درخواست گزار مطلوبہ مہارت اور قانونی تقاضے پورے کریں تو یہ پالیسی ان کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھول سکتی ہے۔