میڈرڈ،مہاجرین کی قانونی حیثیت کے لیے اہم سرٹیفکیٹ جاری کرنے والا واحد دفتر شدید دباؤ کا شکار
Screenshot
میڈرڈ میں اس وقت کوئی بھی شہری Consorcio Regional de Transportes de Madrid کی ویب سائٹ کے ذریعے اپوائنٹمنٹ حاصل نہیں کر سکتا تاکہ ٹرانسپورٹ کارڈ کی ریچارج ہسٹری کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکے۔ یہ ایک اہم دستاویز ہے جسے غیر قانونی حیثیت میں رہنے والے افراد اپنی علاقائی وابستگی (arraigo) ثابت کرنے کے لیے پیش کرتے ہیں۔
مسئلہ یہ ہے کہ پورے میڈرڈ کمیونٹی میں صرف ایک ہی دفتر، جو Ríos Rosas کے علاقے میں واقع ہے، یہ سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے، اور وہ مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ ویب سائٹ پر 31 مئی تک کوئی خالی وقت دستیاب نہیں، جو کہ سسٹم کی زیادہ سے زیادہ حد ہے۔
یہ دستاویز اس لیے بھی نہایت اہم ہے کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ غیر دستاویزی مہاجرین کی غیر معمولی قانونی حیثیت (ریگولرائزیشن) کے عمل سے فائدہ اٹھانے کے لیے یہ لازمی ہے۔ جلد ہی وزراء کونسل میں اس حوالے سے رائل ڈیکری کی منظوری متوقع ہے، جس کے مطابق درخواست گزار کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ 31 دسمبر 2025 سے پہلے کم از کم پانچ ماہ سے اسپین میں مقیم ہے۔
گزشتہ جمعہ کو Chamberí میں واقع اسی دفتر کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ ونیسا اور ڈارون، جو کولمبیا سے ہیں اور بالترتیب ڈیڑھ سال اور آٹھ ماہ سے اسپین میں رہ رہے ہیں، بتاتے ہیں کہ انہوں نے ایک ماہ پہلے اپوائنٹمنٹ لینے کی کوشش کی تھی“جب ریگولرائزیشن کا اعلان ہوا تو اپوائنٹمنٹ لینا ناممکن ہو گیا”،
اسی طرح پیرو سے تعلق رکھنے والی سوسانا کہتی ہیں کہ یہ موقع وہ کھونا نہیں چاہتیں“اگر مجھے قانونی حیثیت مل جائے تو میں اپنے حقوق بہتر طریقے سے مانگ سکوں گی، مثلاً چھٹیوں کی ادائیگی”، سوشلسٹ پارٹی PSOE نے مطالبہ کیا ہے کہ Isabel Díaz Ayuso کی حکومت اس سروس کو بہتر بنائے۔ اس سلسلے میں اسمبلی میں ایک تجویز پیش کی گئی ہے جس میں مزید دفاتر کھولنے، عملے اور وسائل بڑھانے، اور سرٹیفکیٹس کو آن لائن جاری کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
پارٹی کے مطابق یہ بحران ایوسو حکومت کی اس پالیسی سے جڑا ہوا ہے جس میں وہ اس ریگولرائزیشن کے عمل کی مخالفت کر رہی ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے۔
علاقائی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کارڈ ریچارج سرٹیفکیٹ جاری کرنا ایک “ثانوی نوعیت” کی سروس ہے، اسی لیے اسے ایک ہی خصوصی دفتر تک محدود رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس سے کسی کو نقصان نہیں ہو رہا، بلکہ اگر اس سروس کو وسیع کیا گیا تو دیگر خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
اس سے پہلے میڈرڈ کی بلدیہ کو بھی رہائشی سرٹیفکیٹ (empadronamiento) کے اجرا میں ایسے ہی مسائل کا سامنا تھا۔ بعد میں سروس میں اضافہ کیا گیا جس سے ہفتہ وار اپوائنٹمنٹس 7 ہزار سے بڑھ کر 11 ہزار ہو گئیں۔
فی الحال جو لوگ بغیر اپوائنٹمنٹ کے دفتر جاتے ہیں، انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ عملہ انہیں صرف یہ مشورہ دیتا ہے کہ وہ 012 پر کال کریں یا ویب سائٹ استعمال کریں۔