پہلی بار مس یونیورس مقابلے میں حصہ لینے والی سعودی حسینہ کون ہیں؟
سعودی حسینہ 27 سالہ ماڈل رومی القحطانی ملکی تاریخ میں پہلی بار مس یونیورس مقابلے میں حصہ لیں گی۔
رومی القحطانی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر عالمی مقابلے میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا اور اس بات پر فخر کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔
انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ مس یونیورس کے مقابلے میں سعودی عرب کی طرف سے تاریخ میں یہ پہلی شرکت ہوگی۔
مس یونیورس کا مقابلہ رواں سال ستمبر میں میکسیکو میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر کے کئی ممالک کی حسینائیں شرکت کریں گی۔
رومی القحطانی کون ہیں؟
غیرملکی میڈیا کے مطابق رومی القحطانی کا تعلق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے ہے، وہ ماڈل ہیں اور سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہیں۔
رومی القحطانی نے دانتوں اور منہ کی بیماریوں اور علاج (dentistry) کے حوالے سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے اور انہیں عربی، فرانسیسی اور انگریزی زبانیں بہت اچھے طریقے سے بولنا آتی ہیں۔
رومی القحطانی نے کئی عالمی مقابلوں میں حصہ لے کر اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔
رومی القحطانی اس سے قبل مس عرب پیس، مس پلانیٹ، مس مڈل ایسٹ اور دیگر مقابلوں میں شرکت کرچکی ہیں۔
وہ مس سعودی عرب، مس مڈل ایسٹ، مس عرب ورلڈ پیس اور مس ویمن (سعودی عرب) سمیت کئی ٹائٹلز جیت چکی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق رومی القحطانی کو سفر اور گھومنے پھرنے کا بہت شوق ہے۔ وہ متحدہ عرب امارات، مصر اور اٹلی سمیت کئی ممالک کا دورہ کرچکی ہیں جس کا اندازہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے لگایا جاسکتا ہے۔