پاکستان فورم اسپین کے زیر اہتمام “بارسلونا میں ’’ایک شام حبیب جالب کے نام”کا انعقاد،طاہرہ حبیب جالب کی خصوصی شرکت
بارسلونا(دوست نیوز)صدر پاکستان فورم اسپین سید ذوالقرنین شاہ کی میزبانی میں پاکستان فورم اسپین کے زیر اہتمام “مونال ریسٹورنٹ پر ایک شام حبیب جالب کے نام” کا اہتمام کیا گیا۔جس میں انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب نے خصوصی شرکت کی۔سید ذوالقرنین شاہ کی دعوت پر اردو ادب اور حبیب جالب سے محبت رکھنے والوں نے شرکت کی

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت راجہ شفیق کیانی اور راجہ مظہر حسین نے حاصل کی۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹرقمرفاروق نے سرانجام دئیے۔طاہر حبیب جالب کے ہال میں پہنچنے پر میزبان سید ذوالقرنین شاہ اور دیگر کمیونٹی شخصیات نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔

سید ذوالقرنین شاہ،ڈاکٹرقمرفاروق اور پروفیسر طاہر عظیم نے حبیب جالب کی زندگی اور مزاحمتی شاعری پر گفتگو کی۔خالد شہباز چوہان،راجہ شفیق کیانی،مظہر حسین راجہ اور محمد اشفاق نے حبیب جالب اور طاہرہ حبیب جالب کی زندگی پر سوالات کئے۔

طاہرہ حبیب جالب نے اپنے والد حبیب جالب کی زندگی اور ان کے بعد خاندان کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حبیب جالب ایک خود دار شخص تھے کبھی بھی حکومتی امداد وصول نہیں کی،گھریلو زندگی کمپرسی میں گزری اور آج بھی میں اور میرا بھائی محنت مزدوری کر کے اپنے خاندان کو پال رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ حبیب جالب کی نظموں سے اپنے جلسوں کو رونق بخشنے والوں نے ان کی شاعری اور زندگی کو نصاب کا حصہ نہیں بنایا جو ان کا حق ہے کہ ان کے نظریات کو نصاب میں جگہ دی جائے۔اور کسی معروف شاہراہ کا نام ان سے منسوب کیا جائے

طاہرہ حبیب جالب نے اپنے والد کی معروف زمانہ نظمیں اور غزلیں
ایسے دستور کو، صبحِ بے نور کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا
ظلمت کو ضیا صر صر کو صبا
اور دیگر ترنم میں گا کر حاضرین کو محظوظ کیا
تقریب کے اختتام پر صدر پاکستان فورم اسپین سید ذوالقرنین شاہ نے یادگاری شیلڈ پیش کی اور کہا کہ یہ شیلڈ پاکستانی کمیونٹی اسپین کی جانب سے دی گئی ہے اور آپ کو ہمیشہ یہ یاد دلائے گی کہ آپ بارسلونا آئیں تھی اور کمیونٹی نے اپنی محبت نچھاور کی تھی

معروف موٹیویشنل اسپیکر چوہدری سرفراز مہدی معروف سماجی شخصیت میاں یاسر آف گراٹیاں،چوہدری عدنان عدیل دھوتھڑ اور خالد شہبازچوہان ،چوہدری عاصم گوندل،چوہدری اصغر باگڑی،چوہدری رضوان احسن گوندل،چوہدری سکندر مانگٹ،شہزاد بھٹی،عمران فردوس،ظہور احمد کمبوہ،ارشد ملک،بیرسٹر عدیل یوسفزئی، راجہ ساجد محمود،میاں عبدالروف آرائیں،نئیر اقبال نجمی،رانا نئیر اقبال ،چوہدری ایاز مٹھانہ چک اور دیگر نے شرکت کی۔