بارسلونا میں “جشنِ معرکۂ حق” کی تاریخی تقریب، یورپ بھر سے پاکستانیوں کی بھرپور شرکت
بارسلونا، اسپین/ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیرِ اہتمام بارسلونا، اسپین میں 9 مئی 2026 کو “جشنِ معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیانٌ مرصوص” کی تکمیل کے حوالے سے ایک تاریخی اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، کشمیری برادری اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ شرکاء پاکستان اور کشمیر کے بڑے بڑے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی قد آور تصاویر بھی نمایاں تھیں۔ فضا “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد” اور “فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغۂ خدمت)، جو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 2025 میں بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے پاکستان کی بہادر افواج اور خصوصاً جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے 8 لڑاکا طیارے مار گرائے۔ پاکستان نیوی کی بہادر افواج نے اپنی شاندار حکمتِ عملی کے ذریعے دشمن کے جہازوں کو ہزاروں میل دور رکھا.

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، تاہم اگر مستقبل میں کسی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی توپاکستان کی بہادر افواج بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

تقریب کی صدارت ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان نے کی، جبکہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن پرتگال کے صدر سید قاسم سجاد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ تحریک آزادیٔ کشمیر کے نوجوان رہنما راجہ حسنین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں مہر افضال آف بزُرگوال، چوہدری میاں خان آف ماچھی وال، میاں عاطف نذیر، مہر نواز آف جھنگ، چوہدری قربان مرہانہ، راجہ مدثر بولانی، چوہدری عزیز امرہ، چوہدری سلیم لنگڑیال اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان، کشمیر، قومی یکجہتی اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔