میڈرڈ کی علاقائی صدر ازابیل دیاز ایوسو “مسائل پیدا کرنے میں ماہر” سانچیز کی تنقید
Screenshot
میڈرڈ/ اسپین کے وزیرِ اعظم پیدرو سانچیز نے میڈرڈ کی علاقائی صدر ازابیل دیاز ایوسو کو “مسائل پیدا کرنے میں ماہر” قرار دیا ہے۔ یہ بیان انہوں نے ایوسو کے حالیہ میکسیکو کے دورے کے بعد دیا، جہاں ان کا میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباؤم کے ساتھ تنازع سامنے آیا اور ایوسو نے ہسپانوی اور میکسیکن حکومتوں پر اپنی حفاظت میں ناکامی کا الزام بھی لگایا۔
سانچیز نے منگل کے روز لا مونکلوآ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا “میں میڈرڈ کی صدر کے ساتھ بحث میں نہیں پڑنا چاہتا، کیونکہ وہ مسائل پیدا کرنے اور محاذ آرائی کرنے میں ماہر ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ایوسو نہ صرف اسپین میں بلکہ “ملک سے باہر بھی” مسائل پیدا کرتی ہیں، جیسا کہ ان کے حالیہ دورۂ میکسیکو میں دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ ایوسو کا میکسیکو کی صدر شینباؤم کے ساتھ اس وقت اختلاف ہوا جب انہوں نے ہسپانوی فاتح ہرنان کورتیس کی شخصیت کا دفاع کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہونے کا الزام لگاتے ہوئے دورہ مختصر کر کے اسپین واپس آنے کا اعلان کیا۔