زاپاتیرو کے دفتر میں چھاپے کے دوران پولیس نے خفیہ سیف تک رسائی حاصل کر لی
Screenshot
میڈرڈ/ قومی پولیس نے سابق وزیرِ اعظم خوسے لوئس رودریگیز زاپاتیرو کے دفتر میں موجود ایک خفیہ سیف (کیش باکس) تک رسائی حاصل کر لی۔ یہ کارروائی آدیئنشیا ناسیونال کے حکم پر “کیس پلس الٹرا” کے سلسلے میں کی گئی، جس کے دوران ان کی ذاتی سیکریٹری گیرترودیس الکاثار بھی موجود تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، ابتدا میں سیف کھولنے میں تاخیر ہوئی، تاہم بعد میں چابی پولیس کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد اہلکاروں نے اسے کھول لیا۔
انسدادِ مالی جرائم یونٹ (UDEF) کے اہلکار، تکنیکی معاونت فراہم کرنے والی ٹیم (GOIT) کے ساتھ، میڈرڈ کی شارع فیراث پر واقع اس دفتر پہنچے، جو سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کے مرکزی دفتر کے سامنے واقع ہے۔
آدیئنشیا ناسیونال کے جج خوسے لوئس کالاما نے گزشتہ منگل کو چار مقامات پر تلاشی کا حکم دیا تھا، اور ہدایت کی تھی کہ زاپاتیرو کی سیکریٹری کے الیکٹرانک آلات اور ڈیٹا بھی ضبط کیا جائے۔ یہ تحقیقات مبینہ اثر و رسوخ کے غلط استعمال اور دیگر متعلقہ جرائم کے حوالے سے کی جا رہی ہیں۔
تلاشی کے بعد پولیس اہلکار کئی سیل بند ڈبے اپنے ساتھ لے گئے، جن میں الیکٹرانک آلات، دستاویزات اور ڈائریاں شامل ہیں۔ اب ان تمام مواد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔