بارسلونا سے پیرس جانے والے ایک مسافر سے 1,400 کارٹن اسمگل شدہ تمباکو برآمد

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا کے ایستاثیون دِل نورتے بس اسٹیشن پر نیشنل پولیس نے ایک مسافر سے 1,400 سے زائد کارٹن بغیر مہر والے سگریٹ برآمد کیے، جو پیرس جانے والی بس میں سوار ہونے والا تھا۔
پولیس کے مطابق جب یہ شخص اسٹیشن پر تھا تو اس نے پولیس کی موجودگی محسوس کر کے گھبراہٹ اور مشکوک رویہ اختیار کیا۔ اس پر اہلکاروں نے اس کا سامان چیک کیا، تو اس کے بیگ میں چھپائے گئے سگریٹ کے کارٹن برآمد ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب مسافر سے اسمگل شدہ تمباکو کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کسی تسلی بخش وضاحت میں ناکام رہا اور متضاد بیانات دیتا رہا۔ اس پر پولیس نے اسمگلنگ کا مقدمہ درج کر کے معاملہ محکمہ ٹیکس اتھارٹی کو بھیج دیا۔
نیشنل پولیس نے وضاحت کی کہ دہشت گردی کے خلاف لیول 4 سیکیورٹی الرٹ کے تحت بارسلونا میں پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ بریگیدا موویل (ٹرانسپورٹ پولیس) کی ٹیمیں روزانہ رینڈم چیکنگ کرتی ہیں تاکہ جرائم پیشہ گروہوں کی نقل و حرکت پر قابو پایا جا سکے۔