بارسلونا/صوفی فنکار قدیر احمد خان (پرائیڈ آف پرفارمنس)کو صدارتی ایوارڈ ملنے کے اعزاز میں،مونال ریسٹورنٹ سانت آدریا دے بیسوس میں بی ایم ایجوکیٹرز بارسلونا نے پاکستانی آرٹ و فن کی پرموشن کے لیے اتوار کی شام جشن آزادی 2026 کی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف صوفی فنکار اور نعت خواں قدیر احمد خاں تھے جنھوں نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کیا اور ملی نغمے، صوفی کلام و کلاسیکل موسیقی پیش کر کے خوب داد وصول کی ۔

تقریب کے میزبان مظہر حسین راجہ نے کہا کہ جس فن کی بنیاد پر قدیر احمد خان صاحب کو صدارتی ایوارڈ ملا آج ہم نے بی ایم ایجوکیٹرز کے فورم سے جشن آزادی کے موقع پر اس فن کی کمرشل تقریب کا اہتمام کیا ہے اور ایک نیا آئیڈیا پیش کیا ہے تا کہ سپین بھر کی تاجر برادری بھی اپنی کمپنیوں کے پلیٹ فارم سے قدیر احمد خاں کی پرفارمنس کا اہتمام کریں۔ جس کا فائدہ یہ ہو گا کہ پاکستانی فن اور آرٹ کی پرموشن ہو گی جس کے ساتھ آپ کی کمپنی اور نام کی بھی بھر پور پزیرائی ہو گی۔ کیونکہ پاکستانی کلچرل کو سپین میں زندہ رکھنا صرف تنظیمات کی ڈیوٹی نہیں بلکہ پاکستانی تاجر برادری کا بھی فرض ہے کہ اپنے بچوں کو وطن عزیز کے کلچر سے جوڑ کر رکھیں۔

قدیر احمد خاں کو بی ایم ایجوکیٹرز کی طرف سے تعریفی سرٹیفکیٹ اور پانچ سو یورو نقد انعام پیش کیا گیا۔ بارسلونا کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیات چوہدری ایاز مٹھانہ،سید ذولقرنین شاہ، حاجی راجہ اسدحسین ،حافظ احمد اور دیگر نے قدیر احمد خان کی خدمات کو خوب سراہا اور کہا کہ پاکستانی فن کو زندہ رکھنا اور اپنے صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار کو پرموٹ کرنا ہم سب کا فرض ہے اور بی ایم ایجوکیٹرز کی طرح ہم آئندہ اس طرح کی تقریبات جاری رکھیں گے۔

