اسپین میں پاکستان کی پہچان
راجہ شعیب ستی مرحوم،چوہدری مظہر اقبال وڑائچانوالہ مرحوم ۔۔تحریر۔۔ڈاکٹرقمرفاروق
یورپ میں پاکستانی ساٹھ اور ستر کی دہائی سے آباد ہیں اور اسپین میں بھی پاکستانی اسی قریب کے زمانہ سے آباد ہیں لیکن ان کی تعداد انتہائی کم اتنی کم کہ ہاتھوں کی پوروں پر گنی جا سکتی تھی،پھر 2000ء میں پاکستانیوں کا رخ اسپین کی جانب ہوا تو آج 23سال میں پاکستانیوں کی آبادی سوا لاکھ کے قریب پہنچ گئی سب سے زیادہ پاکستانی اسپین کے ریجن کاتالونیا اور اس کے دارالحکومت بارسلونا میں آباد ہیں،روز بروز بڑھتی آبادی کے مسائل کے حل کے لئے تنظیمات معرض وجود میں آنے لگیں 2000ء سے 2010ءکے دوران بہت سی شخصیات سامنے آئیں جنہوں نے ناصرف پاکستان قونصل خانہ بارسلونا میں بنانے کی کوششیں کیں بلکہ درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی،آج جو ہمیں چودہ اگست،23مارچ یوم پاکستان ،5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامز اور مقامی سیاست میں دلچسپی نظر آتی ہے،انہی سماجی شخصیات کی مرہون منت ہیں ایک وہ شخصیات جو 2000ء سے قبل اور پھر 2000ءکے بعد والی شخصیات جنہوں نے اس کی بنیاد رکھی،2000ء کے بعد جو سب سے زیادہ فعال شخصیات رہیں اس میں راجہ شعیب ستی مرحوم ،چوہدری مظہر اقبال وڑائچانوالہ مرحوم،بابا علی ذوالفقار حشمت،پرویز اختر جانی ،خالد شہباز چوہان،حاجی نوید وڑائچ،راجہ ٹیپو مرحوم ،ایاز عباسی،عابد میر ،فیض اللہ ساہی،راجہ مختار احمد سونی،محمد اقبال چوہدری،افضال بیدار،جاوید مغل،حافظ عبدالرزاق صادق ،چوہدری ثاقب طاہر،حافظ احمد خان،چوہدری عبدالغفار مرہانہ ،چوہدری امتیاز لوراں،طارق حفیظ عباسی اور دیگر سماجی شخصیات بھی شامل ہیں نے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشش کی اور ساتھ اپنے نئے آنے والے پاکستانیوں اور ان کے خاندان کو پاکستان کے کلچر سے بھی جوڑنے کی کوشش کی
وقت گزرنے کے ساتھ کئی شخصیات اسپین چھوڑ گئیں اور بہتر مستقبل کے لئے برطانیہ کو اپنا گھر بنا لیا ۔
راجہ شعیب ستی مرحوم کی پاکستانیوں کے لئے دی گئی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا کورونا کی وجہ سے جہان فانی چھوڑ گئے اور دوستوں میں وجہ دوستی کا ایک کردار ختم ہوگیا،وہ دوست دوبارہ اس طرح نا مل بیٹھے جیسے راجہ شعیب ستی مرحوم کی وجہ سے بیٹھتے تھے،پھر راجہ ٹیپو دنیا چھوڑ گئے اور دو دن قبل دوستوں کے دوست اور بھر پور زندگی گزارنے والے چوہدری مظہر اقبال وڑائچانوالہ بولٹن میں خالق حقیقی سے جا ملے
آج بارسلونا ،بادالونا اور اوہسپیتالیت میں بسنے والے پاکستانی ان ناموں کو کم ہی جانتے ہیں لیکن آج جب دعائیہ محفل ہوئی تو دور ونزدیک سے وہ تمام ساتھی جو راجہ شعیب ستی مرحوم اور چوہدری مظہر اقبال وڑائچانوالہ مرحوم کی ایک آواز پر جمع ہو جاتے تھے آج اپنے دوست کے لئے جمع ہوئے دل مسرت سے لبریز ہوگیا کہ اپنے دوست کو الوداع کہنے کے لئے اوران کی یاد کو دلوں میں محفوظ رکھنے جمع ہوئے یہ سب دیکھ کر لگا دوستی ،محبت اور خلوص کا جذبہ زندہ ہے ۔
یہ تمام شخصیات جو دنیا سے چلی گئیں اور وہ جو ہمارے درمیان موجود ہیں اللہ سبحانہ تعالی ان کا سایہ تادیر کمیونٹی کے سر پر قائم رکھے آمین ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی
جب بھی اسپین میں جشن آزادی منائی جائے گی،یوم پاکستان منایا جائے گا ،یوم یکجہتی کشمیر کے لئے آواز بلند ہوگی،مقامی سیاست میں کوئی پاکستانی آگے آئے گا،جب جب مہمان نوازی کی بات ہوگی یہ شخصیات ناصرف یاد آئیں گی بلکہ ساتھ کھڑی نظر آئیں گی
ان 23سالوں میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں اور مزید آئیں گی لیکن کمیونٹی کے بڑوں سے درخواست ہے کہ اپنے جانے والوں کو یاد رکھنے کے لئے اور نئے آنے والوں کو یاد کرانے کے لئے یادگاری پروگرامز کا انعقاد ضرور کریں اور بتائیں کہ آج جو سہولیات ہمیں حاصل ہیں وہ ان شخصیات کی بدولت حاصل ہیں