اسپین کے شہر کادیس میں گواردیا سول پولیس کی کشتی سے تصادم کے بعد منشیات فروش ہلاک

کادیس(دوست نیوز)سانلوکار دے بارامیدا (کادیس) – دریائے گوادالکیویر کے دہانے سے 40 میل دور، ایک منشیات اسمگلنگ کشتی اور گواردیا سول کی گشتی کشتی ‘ریو تیئتر’ کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تین انجنوں والی ربڑ کی کشتی میں سوار چار مشتبہ منشیات فروشوں میں سے ایک ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ہونے والا شخص 23 سالہ مراکشی شہری تھا، جو تصادم کے بعد پانی میں گر گیا۔ گواردیا سول کے اہلکاروں نے اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔
تصادم کے نتیجے میں ایک اور مشتبہ اسمگلر شدید زخمی ہوا، جسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جریز دے لا فرونتیرا کے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ باقی دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
فروری کے مہینے میں اندلوسیا میں منشیات اسمگلنگ کے دوران یہ دوسری ہلاکت ہے۔ اس سے قبل طریفا کے ساحل سے 10 میل دور ایک اور تصادم میں ایک اور اسمگلر ہلاک ہو چکا ہے۔