بارسلونا میں یوکرین جنگ کے تین سال مکمل ہونے پر سیکڑوں افراد کا مظاہرہ

بارسلونا(دوست نیوز)روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کو تین سال گزر چکے ہیں، اور یوکرینی کمیونٹی نے ایک بار پھر بارسلونا کی سڑکوں پر نکل کر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ “ہم آزادی کا دفاع کرتے ہیں” کے نعرے کے تحت سینکڑوں افراد مختلف تنظیموں کی اپیل پر جمع ہوئے اور پاسیو دی گریسیا کو نیلا اور پیلا رنگ (یوکرین کے جھنڈے کے رنگ) سے بھر دیا۔ یہ مظاہرہ اسپین کے دیگر شہروں میں بھی کیا گیا۔

مارچ شام چار بجے کے قریب کارریر دے پروونسہ میں یورپی پارلیمنٹ کے دفتر کے قریب سے شروع ہوا اور پلازا دے کاتالونیا تک پہنچا، جہاں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں سیردانیولا کے کاسٹیلیئرز (روایتی انسانی مینار بنانے والے) نے بھی شرکت کی۔
جنگ کے تین سال ہونے کا موقع ایک ایسے وقت آیا ہے جب بین الاقوامی سطح پر کشیدگی بڑھ رہی ہے، خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یوکرین کے خلاف سخت بیانات کے باعث۔ اسی وجہ سے کئی مظاہرین نے ٹرمپ اور پوٹن کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: “یوکرین تمہاری کالونی نہیں ہے” اور “یہ تمہاری سلطنت نہیں ہے”۔
بارسلونا میں ہونے والے اس مظاہرے کا اہتمام یوکرینی کمیونٹی کی سات تنظیموں نے کیا تھا، جن میں کاتالونیا کی یوکرینی والدین اور اساتذہ کی ایسوسی ایشن “بریہینا”، “سومریورس دے یوکرین”، “یوکرین کا سفارت خانہ برائے آرٹ”، یوکرین اور کاتالونیا کے درمیان دوستی کی تنظیم “یوکراکیٹ”، یوکرینی LGBTIQ+ کمیونٹی “یو اے پرائیڈ کیٹ” اور دو دیگر یوکرینی تنظیمیں “چرونا کالینا” اور “جیریلو” شامل تھیں۔
ان تمام تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے یولیا دووگوپولا نے زور دے کر کہا کہ وہ “فتح تک” اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس تنازعے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا انتہائی اہم ہے۔