پاک فیڈریشن سپین کا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اسلام آباد سے رابطہ،پاکستانی تارکین وطن کے لیے اسپین کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کے حقوق” کے موضوع پر تفصیلی بریفنگ

بارسلونا(پ ر)پاک فیڈریشن سپین کا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اسلام آباد سے رابطہ "پاکستانی تارکین وطن کے لیے اسپین کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کے حقوق” کے موضوع پر تفصیلی بریفنگ اور پاکستان کے متعلقہ اداروں کی طرف سے اس معاملے کو جلد پایا تکمیل تک پہنچانے کی گزارش کی گئی۔
بورڈ اف گورنر کے چیئرمین سید قمر رضاء نے کہا کہ یہ سپین کے اوورسیز پاکستانیوں کا ایک جائز مطالبہ ہے جس کے لیے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اپنا پورا کردار ادا کرے گی۔ جناب چیئرمین صاحب نے اپنے 26 فروری 2025 کے تحریری خط میں پاک فیڈریشن کو یقین دلایا ہے کہ مناسب فورم پر یہ معاملہ اٹھائیں گے اور جتنا ممکن ہو سکے ہم جلد متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے اس معاملے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
یاد رہے کہ درج بالا اہم مسئلے کے لیے پاک فیڈریشن نے سید ایاز حسین شاہ (سابق بیوروکریٹ اور سابق قونصل جنرل بارسلونا) کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر رکھی ہے جبکہ عدیل یوسف زئی کو معاون مقرر کیا گیا ہے اور کمیٹی ممبران ان کے علاوہ ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ سپین میں پاکستانی کمیونٹی سے مشاورت کے بعد اپنی چھٹی کے دوران پاکستان میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملے تھے اور انہیں بریفنگ دی تھی کہ باہمی معائدہ پر دستخط کے بعد دونوں حکومتوں کے باشندوں کو لوکل باڈی کے انتخابات میں ووٹ کا حق مل سکتا ہے اور اگر پاکستانیوں کو سپین میں مقامی حکومت کے ووٹ کا حق مل جائے تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
قونصل جنرل بارسلونا جناب مراد علی وزیرکو بھی اس کیس کی مکمل فائل پہلے ہی پاک فیڈریشن کی طرف سے حوالے کی جا چکی ہے اور انہوں نے بھی حکومت پاکستان کے سامنے یہ معاملہ اٹھا رکھا ہے۔
پاک فیڈریشن کی طرف سے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سے موجودہ رابطہ انہی کوششوں کی کڑی ہے تاکہ ہر فورم پر اس معاملے کو اٹھا کر جلد حل کی طرف لے جایا جائے کیونکہ اس معاملے میں پاکستان کی بہت ساری سیاسی پارٹیوں کی حمایت پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہے اور اب متعلقہ اداروں کی طرف سے ان کوششوں کو تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ قانون سازی ہو سکے اور ائندہ 2027 میں مقامی حکومتوں کے انتخابات میں پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل سکے۔