ارجنٹینا کے اسٹار نے ٹاپ اسکورر کا اعزاز بھی جیت لیا، 9 گول کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا
واورے: ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کے اسٹار فارورڈ تھامس ڈومینے نے اپنی شاندار کارکردگی سے میلہ لوٹ لیا، جہاں انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اور ٹاپ اسکورر قرار دیا گیا۔
تھامس ڈومینے نے ورلڈ کپ کے دوران گولز کی برسات کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 گول اسکور کیے اور ایونٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں Hero Vida Top Scorer کے ساتھ ساتھ Best Player کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
دلچسپ اور یادگار لمحہ اس وقت آیا جب پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے تھامس ڈومینے کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ پیش کیا۔ پاکستان کے عظیم کھلاڑی کے ہاتھوں یہ اعزاز وصول کرنا ارجنٹینا کے اسٹار کے لیے بھی ایک خاص لمحہ بن گیا۔
ڈومینے نے صرف انفرادی سطح پر ہی نہیں بلکہ ٹیم کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ارجنٹینا نے تیسری پوزیشن کے میچ میں نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
ارجنٹینا کے لیے یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی خاص رہی کہ ٹیم نے طویل عرصے بعد ورلڈ کپ کے پوڈیم پر واپسی کی، جبکہ ڈومینے نے ٹورنامنٹ کے اختتام پر دو بڑے انفرادی اعزازات اپنے نام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
جرمنی کے جسٹس وارویگ کو JSW Rising Star قرار دیا گیا، جبکہ اسپین کے گول کیپر لوئس کالزادو نے Best Goalkeeper کا اعزاز حاصل کیا۔
یوں ورلڈ کپ 2026 کے اختتام پر ارجنٹینا کے تھامس ڈومینے گول مشین بن کر سامنے آئے، جبکہ پاکستانی ہاکی کے عظیم ستارے شہباز سینئر کے ہاتھوں ایوارڈ وصول کرنے کا منظر بھی ٹورنامنٹ کے یادگار لمحات میں شامل ہوگیا۔
