Screenshot
ہسپانوی شہر سیوتا میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران فوجی اہلکاروں پر تیسرا حملہ کیا گیا ہے۔ تازہ واقعے میں مراکشی شہریت رکھنے والے تین افراد نے گشت پر مامور فوجیوں کی جانب مبینہ طور پر مولوتوف کاک ٹیل اور مائع سے بھری بوتلیں پھینکیں۔
واقعہ سیوتا کے ایک ساحلی علاقے کے قریب پیش آیا۔ حملے میں کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا، تاہم سول گارڈ نے تین مراکشی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ حملہ پہلے سے تیار کیا گیا معلوم ہوتا ہے۔ حملے کے وقت فوجی اہلکار مسلح نہیں تھے اور ان کے پاس حفاظتی سامان بھی موجود نہیں تھا۔
یہ گزشتہ تین دنوں میں فوجی اہلکاروں پر تیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل صرف 48 گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ گھات لگا کر حملے کیے گئے تھے، جن میں پانچ فوجی زخمی ہوئے تھے۔
حکام کو خدشہ ہے کہ فوجی اہلکاروں کے خلاف حملوں کا سلسلہ منظم شکل اختیار کر سکتا ہے اور بعض گروہ شہر میں تعینات اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔
فوجی اور پولیس حلقوں میں اس صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ متعلقہ اہلکاروں کی جانب سے یہ مطالبہ بھی دہرایا گیا ہے کہ انہیں قانونی طور پر ’’ایجنٹس آف اتھارٹی‘‘ کا درجہ دیا جائے، تاکہ انہیں دورانِ ڈیوٹی زیادہ قانونی تحفظ حاصل ہو سکے۔
