کارپی پاکستانیوں کے ‘AK-47 گینگ’ کے ارکان کو 11 سال تک کی سزائیں۔

اٹلی (میاں آفتاب) کارپی میں پیش آنے والے ایک خونی تصادم کے مقدمے کا فیصلہ آ گیا ہے، جس میں پاکستانیوں کے گروپ ‘AK-47 گینگ’ کے ارکان کو سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔ اس گینگ پر الزام تھا کہ انہوں نے مئی 2022 میں کارپی کے علاقے میں خطرناک ہتھیاروں سے لیس ہو کر ایک پُرتشدد جھگڑا کیا تھا، جس میں (AK-47) گروپ نے اسلحہ استعمال کیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں ملزمان کو 6 سال سے لے کر 11 سال تک کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ پراسیکیوشن نے ان پر مجرمانہ گروہ بندی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اور اقدام قتل کے الزامات عائد کیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ جھگڑا مختلف گروہوں کے درمیان پرانا تنازعہ تھا، جو کارپی کی سڑکوں پر خونریز تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا اور گینگ کے بارے میں مکمل تحقیقات کی گئیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا کہ اسلحہ کا آزادانہ استعمال اور منظم جرائم کی سرگرمیاں شہری امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اور اسی بنا پر سخت سزائیں دی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔