ایسٹر کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پولیس نے سیکورٹی بڑھا دی

بارسلونا(دوست نیوز یورپ)ہفتۂ مقدس(ایسٹر) کے دوران موسوس پولیس زیادہ ہجوم والے مقامات، اہم بنیادی عمارات، ٹرانسپورٹ کے مراکز اور ذرائع، عبادت گاہوں اور موجودہ بین الاقوامی جنگی حالات سے منسلک عمارتوں میں سیکیورٹی کی نگرانی برقرار رکھے گی اور وہاں احتیاطی تدابیر مزید سخت کرے گی۔ اس کے باوجود، کاتالونیا میں دہشت گردی کا خطرہ اسی سطح پر برقرار رہے گا، جو کہ پانچ میں سے چار کے درجے پر ہے۔
یہ فیصلہ انسداد دہشت گردی کے 76ویں رابطہ اجلاس میں کیا گیا، جو دو ہفتے قبل منعقد ہوا تھا اور جس کی صدارت وزیر داخلہ و عوامی تحفظ، نوریہ پرلون نے کی تھی۔ اس اجلاس میں پولیس فورس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں خطرے کی صورت حال، بین الاقوامی سطح پر حالیہ دہشت گرد حملوں اور نافذ شدہ حفاظتی اقدامات کا تجزیہ کیا گیا۔ اسی طرح، ہفتۂ مقدس کے آغاز کے پیش نظر، ایسے حفاظتی اقدامات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جو مذہبی تقریبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں بھی سیکیورٹی فراہم کریں جہاں زیادہ ہجوم ہوتا ہے۔
سیکیورٹی فورسز ممکنہ حملوں کا ہدف بن سکتی ہیں
اس ملاقات میں یہ نکتہ بھی اجاگر کیا گیا کہ موجودہ حالات میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس ممکنہ دہشت گرد حملوں کا ہدف بن سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے، تمام پولیس اہلکاروں، مقامی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے لیے اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔