Screenshot
بارسلونا/ کاتالونیا کے سول پروٹیکشن حکام نے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سیلابی ہنگامی منصوبے کو الرٹ کی سطح پر فعال کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق منگل کی رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ بدھ کے روز صورتحال زیادہ شدید رہ سکتی ہے اور خطے کے بڑے حصے میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے ساتھ گرج چمک، ژالہ باری اور بعض مقامات پر تیز یا انتہائی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ منگل کی رات کاتالونیا سینٹرل کے شمالی علاقوں میں 30 منٹ کے دوران فی مربع میٹر 20 لیٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بدھ کی صبح تک خراب موسم تقریباً پورے کاتالونیا میں پھیل سکتا ہے۔ خاص طور پر مرکزی ساحلی اور ساحل سے متصل علاقوں میں علی الصبح اور صبح کے ابتدائی اوقات میں کہیں کہیں شدید بارش اور طوفان کا امکان ہے۔ بعد ازاں بارشیں پیرینیز، پری پیرینیز، کاتالونیا سینٹرل اور دیگر ساحلی علاقوں تک پھیل سکتی ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کی صبح Alt Penedès، Baix Penedès اور Garraf کے علاقوں میں 30 منٹ کے دوران فی مربع میٹر 40 لیٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ پیرینیز، پری پیرینیز، کاتالونیا سینٹرل، Plana de Vic اور مرکزی و جنوبی ساحلی علاقوں میں تین گھنٹوں کے دوران 60 لیٹر فی مربع میٹر سے زیادہ بارش کا امکان بھی مسترد نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب جیرونا کے شمال مشرقی حصے میں منگل کی سہ پہر شدید گرمی کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے، خاص طور پر Alt Empordà، Garrotxa، Gironès، Pla de l’Estany اور La Selva میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
بدھ کو سمندری لہروں کے حوالے سے بھی Procicat کا پیشگی الرٹ نافذ ہے، جہاں لہروں کی بلندی 2.5 میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
سول پروٹیکشن نے جنگلات میں آگ کے خطرے کے باعث Infocat منصوبے کے تحت بھی نگرانی برقرار رکھی ہے۔
