بانی پی ٹی آئی ڈیل کریں گے نہ ہی جھکیں گے، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بوگس کیسز بنائے گئے ہیں۔ انہیں سیاست سے ہٹانا ممکن نہیں، بانی پی ٹی آئی ڈیل کریں گے اور نہ ہی جھکیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان نے بونیر سے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اس ملک میں سیز فائر ہونا چاہیے، عوام کو اجازت ہونی چاہیے کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کر سکیں، ہمیں نشانات نہیں خان کے وژن کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے ٹکٹ ہولڈرز کے ہاتھ ٹوٹ سکتے ہیں لیکن ہمیں نہیں چھوڑ سکتے، 175 پولیٹیکل پارٹیز میں بہترین انتخابات پی ٹی آئی نے کروائے، لیکن پیپلز پارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی(ف) کے انتخابات صحیح اور ہمارے غلط قرار دیے گئے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہمارے نمائندوں کے کاغذات ٹیکنیکل بنیادوں پر مسترد کر دیے گئے، الیکشن نشان سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز ہمیشہ فریاد کرتی ہیں کہ اُن کے بابا کے ساتھ زیادتی ہوئی، ان لوگوں کو عوام کی فکر نہیں، بلاول بھٹو کے منشور میں بھی کرپشن کےخلاف ایک لفظ نہیں، محمود خان نے بانی پی ٹی آئی کو دھوکہ دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نےآج تک یہ مطالبہ نہیں کیا کہ ان کو جیل سے نکال دیا جائے، انہیں جیل میں بھی عوام کی فکر ہے۔