ایسپانیول اور بارسلونا کے درمیان ڈربی میچ،کار ہجوم پر چڑھ دوڑی،13 افراد زخمی

بارسلونا(دوست نیوز)آر سی ڈی ای اسٹیڈیم (RCDE Stadium) کے باہر، جمعرات کی رات ہونے والے ایسپانیول اور بارسلونا کے درمیان ڈربی میچ سے قبل، ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہو گئے۔
ایک سفید رنگ کی گاڑی ہجوم کے درمیان رکی، جہاں لوگ گاڑی میں موجود افراد پر چیخ رہے تھے اور اس پر چیزیں پھینک رہے تھے۔ اس کے بعد گاڑی نے اچانک ہجوم پر چڑھائی کر دی، جس سے کئی افراد اس کی زد میں آ گئے۔
کاتالان پولیس کے مطابق، ڈرائیور سے گاڑی کا کنٹرول چھوٹ گیا تھا اور زخمی ہونے والے افراد کو صرف معمولی چوٹیں آئیں۔ابتدائی طور پر پولیس نے اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیا۔
میچ شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد، گول کے پیچھے موجود ایسپانیول کے شائقین کے مخصوص حصے میں موجود بڑی تعداد میں افراد نے احتجاجاً اپنی نشستیں خالی کر دیں، کیونکہ وہ میچ جاری رکھنے کے خلاف تھے۔
اگر بارسلونا یہ میچ جیت جاتا ہے تو وہ 2024/25 لا لیگا چیمپئن بن جائے گا۔
زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے دس ایمبولینسیں روانہ کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور اس واقعے سے اسٹیڈیم کے اندر موجود افراد کو “کسی بھی صورت” کوئی خطرہ نہیں ہے۔
زخمیوں میں سے ایک، بدالونا کے میئر زاویئر گارشیا البیول (Xavier Garcia Albiol) کا بیٹا ہے۔
کونسل ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمی نوجوان کی حالت بہتر ہے، گاڑی اس کے پاؤں پر چڑھی تھی، اور میئر خود موقع پر پہنچے۔ اب دونوں اسپتال میں ہیں۔