بارسلونا: کاتالونیا کے کسان ایک بار پھر بارسلونا کی سڑکوں پر ٹریکٹروں کے ساتھ احتجاج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ کسانوں کی یونین Unió de Pagesos (UP) نے زرعی شعبے میں بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور مسلسل بحرانوں کے حل نہ ہونے کے خلاف 14 اکتوبر کو بارسلونا میں ٹریکٹر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
یونین کے مطابق 2026 میں زرعی شعبے کو درپیش بحران مزید سنگین ہوئے ہیں اور کسانوں کو بڑھتے ہوئے اخراجات کے مقابلے میں مناسب آمدنی حاصل نہیں ہو رہی۔ یونین کی قومی رابطہ کار راکیل سیرات نے کہا کہ 14 اکتوبر کو ہونے والی ریلی کے لیے کاتالونیا کے مختلف علاقوں سے ٹریکٹر بارسلونا کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کے مطابق کسانوں میں احتجاج میں شرکت کا واضح جذبہ موجود ہے اور موجودہ صورتحال ’’ناقابلِ برداشت‘‘ ہو چکی ہے۔
یونین کا کہنا ہے کہ یوکرین اور مشرقِ وسطیٰ کی جنگوں کے باعث ڈیزل، توانائی، جانوروں کی خوراک اور کھاد سمیت مختلف اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بیرونی مسابقت، موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیداوار میں رکاوٹیں، مویشیوں کی بیماریاں اور جنگلی جانوروں سے ہونے والے نقصانات بھی کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
سوشل سیکیورٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 2000 سے 2026 کے درمیان زرعی شعبے سے وابستہ افراد کی تعداد میں 45.93 فیصد کمی ہوئی ہے۔
Unió de Pagesos نے بحران سے متاثرہ کسانوں کے لیے ہنگامی مالی امداد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ یونین نے کاتالونیا کی محکمہ زراعت سے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم ایک زرعی ورک یونٹ (UTA) رکھنے والے پیشہ ور زرعی اداروں کو 17 ہزار یورو کی براہِ راست امداد دی جائے۔
اسی طرح 0.75 سے ایک UTA سے کم رکھنے والے اداروں کے لیے 12,750 یورو اور 0.5 سے 0.75 UTA سے کم رکھنے والے اداروں کے لیے 8,500 یورو کی امداد کی تجویز دی گئی ہے۔
کسانوں کی یونین نے زرعی پیداوار پر کم شرحِ VAT، آبپاشی کے لیے خصوصی بجلی کے نرخ، زرعی ڈیزل پر کم سے کم ممکنہ ٹیکس، 2026 کے انکم ٹیکس کے نظام میں تبدیلی اور خود روزگار کسانوں کے لیے سماجی تحفظ سمیت دیگر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یونین نے حکومت سے خوراک کی سپلائی چین میں بڑی صنعتوں اور تقسیم کار اداروں کی مبینہ غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی اور یورپی یونین سے باہر کی درآمدات سے ہونے والی غیر منصفانہ مسابقت کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
