چاکیواڑہ کا شہری تاحال غائب، ملیر سے گمشدہ ہوا افغان بازیاب
لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ کو پولیس نے بتایا ہے کہ چاکیواڑہ سے لاپتہ شہری کا تاحال سراغ نہیں مل سکا جبکہ ملیر سے لاپتہ ہونے والا افغان شہری بازیاب ہو کر واپس گھر آ گیا۔
دورانِ سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سےسوال کیا کہ شہری کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟
تفتیشی افسرنے جواب دیا کہ 30 جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے 4 اجلاس ہو چکے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے دریافت کیا کہ کیا اب تک شہری کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا؟
تفتیشی افسرنے جواب دیا کہ شہری کو بازیاب کرانے کے لیے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔
لاپتہ شخص کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ 7 سال پہلے چاکیواڑہ سے شہری لا پتہ ہوا تھا جس کا اب تک سراغ نہیں لگایا گیا۔
عدالت نے اہلِ خانہ سے سوال کیا کہ اگر آپ لوگ چاہیں تو ہم تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیں؟
لاپتہ شخص کے اہلِ خانہ نے استدعا کی کہ تفتیشی افسر ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں انہیں تبدیل نہیں کریں۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ افغان شہری محمد اکبر ملیر سے لا پتہ ہوا تھا جوبازیاب ہو کر گھر واپس آ گیا ہے۔
عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔