موٹر سائیکل سواروں کے لیے دستانے پہننا لازمی، جبکہ الیکٹرک اسکوٹر چلانے والوں کی کم از کم عمر 15 سال مقرر
بارسلونا: اسپین میں نئے ٹریفک قوانین یکم اکتوبر سے نافذ ہوگئے ہیں، جن کا اثر تقریباً تمام سڑک استعمال کرنے والوں پر پڑے گا، چاہے وہ کار ڈرائیور ہوں، موٹر سائیکل سوار، سائیکل سوار، الیکٹرک اسکوٹر چلانے والے یا پیدل چلنے والے۔
اسپین کی ٹریفک اتھارٹی DGT (Dirección General de Tráfico) نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران نقل و حرکت کے طریقوں میں آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر جنرل ٹریفک ریگولیشنز میں ترمیم کی ہے۔ نئے قوانین کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
🚗 کار چلانے والوں کے لیے
سائیکل کو اوورٹیک کرنے کے قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے۔ شہری علاقوں سے باہر سڑکوں پر سائیکل سوار کو اوورٹیک کرتے وقت ڈرائیور کی رفتار اس سڑک پر مقررہ رفتار کی حد سے کم از کم 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کم ہونی چاہیے۔
شہری علاقوں میں اگر سائیکل اور گاڑی ایک ہی لین میں ہوں تو گاڑی کو سائیکل سے کم از کم 5 میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔
ٹریفک مکمل طور پر رک جانے کی صورت میں بھی نیا طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔ اگر کسی حادثے کے باعث ٹریفک مکمل طور پر رک جائے تو گاڑیوں کو سڑک کے دونوں اطراف منتقل ہو کر درمیان میں ایمرجنسی لین بنانی ہوگی تاکہ پولیس، ایمبولینس اور دیگر امدادی گاڑیاں گزر سکیں۔
برف باری کی صورت میں بھی یہی اصول لاگو ہوگا تاکہ برف صاف کرنے والی گاڑیوں کے لیے راستہ کھلا رہے۔
🏍️ موٹر سائیکل سواروں کے لیے
موٹر سائیکل سواروں کے لیے نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اب شہری علاقوں سے باہر سڑکوں پر موٹر سائیکل چلانے والے اور اس پر سوار مسافر دونوں کے لیے حفاظتی دستانے اور بند جوتے پہننا لازمی ہوگا۔
دستانے نہ پہننے کی صورت میں اسے سنگین ٹریفک خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور 200 یورو جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
ٹریفک جام کی صورت میں موٹر سائیکل سوار اب سڑک کے دائیں جانب موجود شولڈر/کنارے پر زیادہ سے زیادہ 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتے ہیں۔ تاہم حکام کے مطابق کاتالونیا میں فی الحال اس کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اسپین کے دیگر علاقوں میں یہ اصول لاگو ہوگا۔
🛴 الیکٹرک اسکوٹر چلانے والوں کے لیے
الیکٹرک اسکوٹر اور اسی نوعیت کی گاڑیاں، جنہیں اسپین میں Personal Mobility Vehicles (PMV) کہا جاتا ہے، چلانے والوں کے لیے اب ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ الیکٹرک اسکوٹر چلانے والے شخص کی عمر کم از کم 15 سال ہونی چاہیے۔
ڈرائیونگ اسکول کے ماہر ایڈریان سانچیز کے مطابق ان قوانین کا مقصد سڑک استعمال کرنے والے کمزور افراد کو زیادہ تحفظ فراہم کرنا ہے، تاہم ان کے مطابق الیکٹرک اسکوٹرز کے حوالے سے مزید بہتر قانون سازی کی ضرورت بھی موجود ہے۔
🚲 سائیکل سواروں کے لیے
اب شہری علاقوں سے باہر سڑکوں پر تمام سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔
پہلے بعض مخصوص حالات میں سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے کی اجازت تھی، لیکن نئی اصلاحات کے بعد یہ تمام استثنیٰ ختم کر دیے گئے ہیں۔
سائیکل سوار جہاں ممکن ہو لین کے درمیان میں سائیکل چلا سکتے ہیں، تاہم انہیں فٹ پاتھ پر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈیلیوری کا کام کرنے والے سائیکل سواروں کے لیے ریفلیکٹیو جیکٹ/ویسٹ پہننا بھی لازمی ہوگا۔
🚶 پیدل چلنے والوں کے لیے
ٹریفک سگنل والے بعض چوراہوں پر پہلے ایسی صورتحال پیدا ہو جاتی تھی جہاں پیدل چلنے والوں کو سبز بتی ملتی تھی جبکہ گاڑیوں کے لیے بتی فلیشنگ امبر ہوتی تھی۔
نئے قوانین کے تحت اب اس طرح کا بیک وقت سگنل نہیں دیا جائے گا، تاکہ پیدل چلنے والوں اور ڈرائیوروں کے درمیان الجھن اور خطرناک صورتحال سے بچا جا سکے اور کراسنگ پر حفاظت بہتر ہو۔
📚 ڈرائیونگ سیکھنے والوں کے لیے
نئے قوانین کے نفاذ کے بعد ڈرائیونگ اسکولوں کو اپنے تدریسی مواد، آن لائن مواد اور ٹیسٹ میں فوری تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں۔
ڈرائیونگ اسکول چین Hoy Voy کے مطابق روزانہ ہونے والی تھیوری کلاسز، آن لائن ورک شیٹس، ورچوئل کلاس روم اور اساتذہ کی تربیت کے مواد کو نئے قوانین کے مطابق تبدیل کیا گیا ہے۔
نظریاتی امتحان کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی کتاب میں اب ترامیم کی وضاحت کے لیے تصاویر کے ساتھ 32 صفحات کا نیا ضمیمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایک اور اہم تبدیلی ڈرائیونگ اسکول کے اساتذہ سے متعلق ہے: اب عملی ڈرائیونگ سبق کے دوران ڈرائیونگ انسٹرکٹرز کو بھی سیٹ بیلٹ پہننے سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔
