بارسلونا: سابق اسپینش فٹبال کوچ لوئس اینریکے کی بیٹی اور بین الاقوامی سطح پر ابھرتی ہوئی گھڑ سوار سیرا مارتینز جمعرات کو بارسلونا میں جاری CSIO Barcelona 2026 کے دوران مقابلے کے آغاز میں گھوڑے سے گر گئیں۔
یہ واقعہ رئیل کلب دی پولو دی بارسلونا میں جاری چار روزہ گھڑ سواری کے مقابلے کے پہلے روز پیش آیا۔ سیرا مارتینز مقابلے کی دوسری راؤنڈ میں ایک ایسے رکاوٹ والے حصے کو عبور کر رہی تھیں جس میں پانی بھی شامل تھا، تاہم ان کا گھوڑا اچانک قابو سے باہر ہوگیا اور سیرا زمین پر جا گریں۔
گراوٹ کے دوران سیرا کو زوردار جھٹکا لگا، تاہم وہ چند ہی لمحوں بعد خود کھڑی ہوگئیں۔ ان کی حفاظتی جیکٹ میں نصب ایئر بیگ بھی گرتے ہی فعال ہوگیا، جس سے حفاظتی نظام نے اپنا کام کیا۔
گراوٹ کے بعد گھوڑا بدستور بے قابو اور گھبرایا ہوا تھا۔ سیرا نے اسے قابو کرنے اور پرسکون کرنے کی کوشش کی، تاہم گھوڑے نے میدان میں کئی چکر لگائے اور بالآخر اسے قابو کرنے کے لیے دیگر افراد کو مدد کے لیے آگے آنا پڑا۔
سیرا مارتینز کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے والد اور پیرس سینٹ جرمین کے کوچ لوئس اینریکے بھی رئیل کلب دی پولو بارسلونا میں موجود تھے اور انہوں نے مقابلے کے دوران اپنی بیٹی کی شرکت دیکھی۔
CSIO Barcelona 2026 یکم سے 4 اکتوبر تک جاری ہے، جس میں 13 ممالک سے تعلق رکھنے والے 60 گھڑ سوار شریک ہیں۔ مقابلے کا سب سے اہم مرحلہ Longines League of Nations کا فائنل ہوگا، جو اتوار کو منعقد کیا جائے گا۔
26 سالہ سیرا مارتینز کے لیے رواں سال کا مقابلہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وہ پہلی مرتبہ CSIO Barcelona کی سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ ان کے گھوڑے Texas کے ساتھ ان کی تصویر کو مقابلے کے سرکاری پوسٹر کے لیے بھی استعمال کیا گیا ہے۔
سیرا گزشتہ کئی سیزنز سے بین الاقوامی گھڑ سواری کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں اور بارسلونا میں ہونے والے مقابلے کو اپنے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دے چکی ہیں، کیونکہ یہاں ان کے اہل خانہ بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہ سکتے ہیں۔
