میڈرڈ/ اسپین میں رہائش کے بڑھتے ہوئے بحران اور مناسب اجرت کے مطالبے کے لیے ملک گیر 24 گھنٹے کی عام ہڑتال 11 نومبر کو ہونے کا امکان ہے۔ UGT کے جنرل سیکریٹری پیپے الواریز نے تصدیق کی ہے کہ UGT اور CCOO نے ہڑتال کے لیے 11 نومبر کی تاریخ پر اتفاق کرلیا ہے۔ حتمی فیصلہ آج شام ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔
یہ عام ہڑتال CCOO، UGT اور ’’سنڈیکیٹو ڈی انکوئلیناس‘‘ (کرایہ داروں کی یونین) کی جانب سے رہائش کے حق اور بہتر اجرت کے مطالبے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ٹریڈ یونینز کا کہنا ہے کہ ہر شہری کے لیے باعزت اور قابلِ استطاعت رہائش کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اس فیصلے کا پس منظر گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں ہاؤسنگ سے متعلق شاہی فرمانوں کی منظوری مسترد ہونا بھی ہے، جنہیں حکومت نے بعد میں کچھ ترامیم کے ساتھ دوبارہ منظور کیا۔
کیا کمپنی ملازم کو ہڑتال میں شرکت سے روک سکتی ہے؟
اسپین کے آئین کے آرٹیکل 28.2 اور رائل ڈیکری-لاء 17/1977 کے تحت قانونی ہڑتال میں شرکت بنیادی حق ہے۔ کمپنی صرف ہڑتال میں شرکت کرنے کی بنیاد پر ملازم کو برطرف، سزا یا کسی قسم کی انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنا سکتی۔ تاہم تشدد، دھمکی، زبردستی یا املاک کو نقصان پہنچانے جیسے غیر قانونی اقدامات پر ذمہ داری عائد ہوسکتی ہے۔
کیا ہڑتال کے دن کی تنخواہ ملے گی؟
ہڑتال کے دوران ملازمت کا معاہدہ عارضی طور پر معطل سمجھا جاتا ہے، اس لیے اس دن کی تنخواہ ادا نہیں کی جاتی۔ یعنی ہڑتال میں شامل ہونے والے ملازم کی غیر حاضری کی رقم تنخواہ سے منہا کی جاسکتی ہے۔
ضروری خدمات سے متعلق شعبوں میں حکومت کم از کم سروسز مقرر کرسکتی ہے، جن کے لیے نامزد ملازمین کی ڈیوٹی انجام دینا لازمی ہوگا۔
ہڑتال کے دوران ملازم کی سوشل سیکیورٹی شراکت بھی متاثر ہوتی ہے اور ہڑتال کے دن کے لیے عام طور پر سوشل سیکیورٹی میں چندہ جمع کرانے کی ذمہ داری نہیں ہوتی۔
ملازم پر یہ بھی لازم نہیں کہ وہ پہلے سے کمپنی کو بتائے کہ وہ ہڑتال میں شامل ہوگا۔ وہ ہڑتال کے مقررہ دن اپنے قانونی حق کا استعمال کرسکتا ہے۔
