بارسلونا/نیشنل پولیس اسپین کی سالانہ تقریب کے موقع پر آڈیٹوریم فورم CCIB میں منعقد مرکزی تقریب میں وزارت داخلہ اسپین کی جانب سے معروف پاکستانی سماجی شخصیت ملک عمران خان (پاک آئی کیئر) کو ایشئن کمیونٹی اور اسپانش اداروں کے درمیان انٹیگریشن اور زبان کے ذریعے آپس میں قریب کرنے اور پل کا کردار ادا کرنے پر اعزازی میڈل سے نوازا گیا۔
نیشنل پولیس کی مرکزی تقریب میں ڈاکٹرز،جج،پولیس آفیسر ،گورنرز،پروفیسرزتحقیق کاراور دیگر اہم شخصیات جنہوں نے اہم اپنی قوم اور ملک کے لئےاہم خدمات سرانجام دیں کو بھی میڈلز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔
پولیس چیف،گورنر بارسلونا اور دیگر اہم شخصیات نے تقریب کے اختتام پر ملک عمران خان کو دلی مبارک باد دی اورپاکستانی کمیونٹی کی ہسپانوی معاشرے میں انضمام میں بھر ہور کردار کو سراہا۔
راجہ شفیق الرحمن،حافظ احمد،طاہر رفیع اور ڈاکٹر قمرفاروق نے بھی ملک عمران خان کی پاکستانیوں کے لئے خدمات پر سراہا اور مبارک باد دی
ایوارڈ ملنے پر ملک عمران نے دوست میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایک اعزاز، جو میرے لیے باعثِ فخر اور باعثِ مسرت ہے۔آج، 6 اکتوبر 2026 کو مجھے کاتالونیا پولیس کی اعلیٰ قیادت (Jefatura Superior de Policía de Cataluña) کی جانب سے کئی سالوں تک قومی پولیس کے مترجم اور ترجمان کی حیثیت سے انجام دی جانے والی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز حاصل کرنے کا شرف ملا۔
یہ اعزاز نہ صرف میری پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے بلکہ مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان رابطے، باہمی سمجھ بوجھ اور انضمام کو آسان بنانے کے لیے میری کوششوں کا بھی اعتراف ہے۔
میں قومی پولیس اور کاتالونیا پولیس کی اعلیٰ قیادت کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری کئی سالہ خدمات اور محنت کو سراہا۔
لوگوں کی مدد کرنا، زبان اور ثقافت کی رکاوٹوں کو کم کرنا اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان بہتر سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا میرے لیے ہمیشہ اعزاز کی بات رہی ہے۔
یہ اعزاز میں انتہائی عاجزی، فخر اور شکرگزاری کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔
معروف سماجی شخصیت اور ڈائریکٹڑ بی ایم ایجوکیشن اسکول راجہ مظہر حسین نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا یہ پاکستانی نژاد ملک عمران کی ہسپانوی معاشرے میں کامیاب انضمام کی ایک بڑی مثال ہے، جنہیں کمیونٹی کے لیے قابلِ قدر اور قابلِ تحسین خدمات انجام دینے پر نیشنل پولیس کی جانب سے اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا ہے۔
معروف سماجی شخصیت راجہ ساجد محمودنے لکھایہ ہیں پاکستانی اور یہ ہے پاکستانی کمیونٹی کا روشن چہرہ ہمارے دوست عمران ملک کو نیشنل پولیس کے سالانہ پروگرام میں اعزاز سے نوازا گیا۔ہم جب بھی کسی پاکستانی کو سپین میں ترقی کرتے دیکھتے ہیں تو دل خوش ہوتا ہے دل سے پاکستانی کمیونٹی اور خصوصاً اس شخص کے لیے دعائیں نکلتی ہیں جس کی وجہ سے ہماری دھرتی ماں کا نام روشن ہوتا ہے
ہم جو مرضی کر لیں لیکن ہمارے ہر اچھے برے کام پر پاکستان کا نام ضرور لیا جاتا ہے لہٰذا آپ سب جب بھی کوئی بھی عمل کریں تو اس میں لازمی اس بات کا خیال رکھیں کہ ہمارے اس کردار کی وجہ سے ہماری دھرتی ماں پر کوئی انگلی تو نہیں اٹھے گی کہیں عمران ملک جیسے کئی اور پاکستانیوں کی محنت جو کئی سالوں پر محیط ہے وہ تو رائیگاں نہیں ہو جائے گی یقین کریں عمران ملک نے یہ عزت یہ وقار اور یہ اعزاز ایک دن ایک سال میں نہیں کئی سالوں کی محنت سے لیا ہے اور پاکستان و پاکستانی کیمونٹی کا نام روشن کیا ہے ملک عمران آپ کو بہت بہت مبارک باد اور دعائیں اللہ پاک آپ کو اور زیادہ ترقی عطاء فرمائے آمین
معروف کشمیری رہنما اور سماجی شخصیت راجہ شفیق تبسم نے ملک عمران کو ایوارڈ ملنے پر اپنے سوشل میڈیا پر تاثرات لکھتے ہوئےعمران ملک کو اعزازی شیلڈ ملنے پر دلی مبارکباد دی اور لکھا ہمارے عزیز دوست عمران ملک کو اسپین کی نیشنل پولیس کی سالانہ تقریب میں اسپینش آفیشل ٹرانسلیٹر کی حیثیت سے اعزازی شیلڈ ملنے پر دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جاتا ہے۔
یہ اعزاز صرف عمران ملک صاحب کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ایسے مواقع ہماری نوجوان نسل کے لیے اس بات کی روشن مثال ہیں کہ تعلیم، محنت، قابلیت اور مثبت کردار کے ذریعے معاشرے میں عزت اور مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
امید ہے کہ عمران ملک اپنی صلاحیتوں اور تجربے کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی، خصوصاً ہماری نوجوان نسل کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، محنت اور قانونی و باعزت راستوں کو اختیار کرنے کی ترغیب دیں گے۔
اللہ تعالیٰ عمران ملک کو مزید عزت، کامیابی اور استقامت عطا فرمائے، ان کے علم و تجربے میں برکت دے اور انہیں کمیونٹی کے لیے مزید مثبت کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ایک فرد کی کامیابی پوری کمیونٹی کے لیے راستہ روشن کر سکتی ہے۔
