بارسلونا میں موبائل فونز پر ایمرجنسی وارننگ کا نیا ٹیسٹ 8 اکتوبر کو ہوگا

IMG_8490

بارسلونا — جنرالیتات دی کاتالونیا کی پروٹیکشن سول نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ستمبر اور اکتوبر کے دوران موبائل فونز پر ایمرجنسی وارننگ سسٹم کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں بارسلونا اور اس کے گردونواح میں 8 اکتوبر صبح 10 بجے ایک بڑا تجربہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر علاقے میں موجود ہر موبائل فون پر ایک خاص الرٹ میسج موصول ہوگا جس کی آواز عام کال یا ایس ایم ایس سے مختلف اور تیز ہوگی۔ پیغام میں درج ہوگا:

“پروٹیکشن سول دی جنرالیتات دی کاتالونیا کی ایمرجنسی الرٹ کی آزمائش۔ اگر یہ حقیقی ہنگامی صورتحال ہوتی تو آپ کو اپنی حفاظت کی ہدایات ملتی۔ یہ صرف ایک ٹیسٹ ہے۔”

پیغام کے ساتھ ایک مختصر سروے کا لنک بھی ہوگا تاکہ نظام کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔

کاتالونیا کے دیگر شہروں میں بھی ٹیسٹ

یہ ٹیسٹ مرحلہ وار دیگر علاقوں میں بھی کیا جائے گا:

  • 10 ستمبر: لیریدا، آلت پیرینیو اور آران
  • 16 ستمبر: جیرونا اور کاتالونیا سینٹرل
  • 30 ستمبر: تارراگونا، تیرس دی لبری اور پینیدیز

الرٹ پیغام کاتالان، ہسپانوی اور انگریزی زبان میں بھیجا جائے گا، جبکہ وادی آران میں یہ آرانی زبان میں بھی موصول ہوگا۔

شہریوں کو کیا کرنا ہوگا؟

پروٹیکشن سول کے مطابق، جب موبائل پر یہ الرٹ بجے تو صرف پیغام پڑھ کر اسکرین پر موجود بٹن دبائیں تاکہ آواز بند ہو جائے۔ اس دن 112 پر کال کرنے یا کسی اور کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ محض ایک ٹیسٹ ہوگا۔

یہ انتباہ ان افراد کو بھی ملے گا جو اس وقت بارسلونا سے گزر رہے ہوں گے، چاہے وہ کار، بس یا ٹرین میں ہوں۔

یہ تجربہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پروٹیکشن سول نے 12 جولائی کو آنے والے شدید موسمی طوفان (DANA) کے دوران موبائل الرٹس کے ناکام ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ بعض موبائل کمپنیوں کے صارفین تک بروقت اطلاع نہیں پہنچ سکی تھی۔

ES-ALERT سسٹم کیا ہے؟

ES-ALERT ایک نیا پیغام رسانی نظام ہے جو کسی مخصوص علاقے میں کم وقت میں بڑے پیمانے پر ہنگامی وارننگ بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ صرف سنگین حالات، جیسے صنعتی حادثات، سیلاب یا دیگر خطرناک صورتحال میں فعال کیا جاتا ہے۔

اس نئے ٹیسٹ کا مقصد تکنیکی جانچ کے ساتھ ساتھ عوام میں اس نظام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ جنرلِٹات نے اعلان کیا ہے کہ شہری سروے کے ذریعے یہ بھی بتا سکیں گے کہ انہوں نے پیغام کس زبان اور کس موبائل کمپنی پر موصول کیا۔ یہ سروے بالکل گمنام ہوگا اور کوئی ذاتی معلومات جمع نہیں کی جائیں گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے