اگر روس کو عالمی کھیلوں سے باہر کیا جا سکتا ہے تو پھر اسرائیل کیوں نہیں، پیدرو سانچیز

میڈرڈ (دوست نیوز) ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو “جب تک غزہ میں بربریت جاری ہے” کسی بھی بین الاقوامی کھیلوں کی مقابلے میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر بھی وہی پابندیاں عائد ہونی چاہییں جو یوکرین پر حملے کے بعد روس پر لگائی گئی تھیں۔
پارلیمان میں کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سانچیز نے سوال اٹھایا کہ اگر روس کو عالمی کھیلوں سے باہر کیا جا سکتا ہے تو پھر اسرائیل کو استثنا کیوں دیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول: “ہمارا مؤقف واضح ہے، جب تک بربریت ختم نہیں ہوتی، نہ روس اور نہ ہی اسرائیل کو کسی بھی بین الاقوامی مقابلے کا حصہ ہونا چاہیے۔”
یہ بیان میڈرڈ میں سائیکل ریس “لا وولتا اسپینیا” کے دوران ہونے والے احتجاجی واقعات کے ایک روز بعد سامنے آیا، جن کے باعث آخری مرحلہ منسوخ کرنا پڑا۔ جھڑپوں میں دو افراد گرفتار اور تقریباً بیس پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
سانچیز نے کہا کہ وہ ہر قسم کی تشدد کی مذمت کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں اس ہسپانوی سول سوسائٹی پر “گہرا احترام اور فخر” ہے جو ناانصافی کے خلاف پرامن انداز میں آواز بلند کر رہی ہے۔
دوسری جانب، وزیر برائے صدارتی امور اوسکار لوپیز نے میڈرڈ میں مظاہروں پر “فخر” کا اظہار کیا اور کہا کہ غزہ کی صورتحال “ناقابلِ برداشت” ہو چکی ہے۔ وزیر برائے تعلیم و کھیل پیلار الیگریا نے بھی کہا کہ “اگر ایک نسل کش ملک کی ٹیم شامل نہ ہوتی تو وولتا بالکل معمول کے مطابق ہوتی۔”