کاتالان فلم ’’سراط‘‘ اسپین کی نمائندگی کے لیے آسکر میں منتخب

IMG_9508

بارسلونا (دوست نیوز) – کاتالان فلم ’’سراطق” (Sirât) جس کے ہدایت کار اولیور لکسے (Oliver Laxe) ہیں، آئندہ ایڈیشن میں اسپین کی جانب سے آسکر ایوارڈز میں نمائندگی کرے گی۔ یہ اعلان بدھ کی دوپہر اسپینش سنیما اکیڈمی نے کیا۔

اولیور لکسے کی چوتھی اور سب سے جرات مندانہ فلم ایک کاتالان مشترکہ پروڈکشن ہے جسے پہلے ہی کانز فلم فیسٹیول میں جیوری پرائز سے نوازا جا چکا ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی کاتالان فلم نے ’’پامے دی اور‘‘ کی دوڑ میں جگہ بنائی۔

گزشتہ جون میں سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی یہ فلم سرجی لوپیز کی مرکزی اداکاری میں ایک باپ اور بیٹے کے اُس سفر کی کہانی بیان کرتی ہے جو اپنی گمشدہ بیٹی کو تلاش کرنے مراکش کے پہاڑوں میں منعقدہ ایک ریو تک پہنچتے ہیں۔

معروف ہسپانوی ہدایت کار پابلو بیرخر (Pablo Berger) – جن کی فلم Robot Dreams 2024 میں آسکر کے لیے نامزد ہوئی تھی – نے صحافیوں کے سامنے لفافہ کھول کر اعلان کیا کہ ’’سراط‘‘ اسپین کی نمائندگی کرے گی۔

’’سراط‘‘ کے انتخاب کے مقابلے میں دو اور فلمیں بھی تھیں جن کا تعلق کاتالونیا سے ہے: کارلا سیمون کی تازہ ترین فلم ’’رومیریا‘‘ اور ایوا لیبرتاد کی ’’سوردا‘‘، جس نے مالاگا فلم فیسٹیول میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔

اب لکسے کی یہ فلم آسکرز کے باضابطہ عمل میں داخل ہو گی اور امریکی اکیڈمی کی جانب سے 15 بہترین بین الاقوامی فیچر فلموں کی فہرست میں جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہوگی۔ یہ اعلان 16 دسمبر کو متوقع ہے، جبکہ حتمی پانچ نامزد فلموں کا اعلان 22 جنوری کو کیا جائے گا۔

امریکہ میں آزادانہ سنیما کے سب سے بااثر اداروں میں شمار ہونے والی کمپنی ’’نیون‘‘ (Neon) فلم کی تقسیم کرے گی۔ اسی کمپنی نے ’’پیرسائٹ‘‘، ’’انٹومی آف اے فال‘‘ اور ’’انورا‘‘ جیسی عالمی سطح پر کامیاب فلموں کو امریکی سینما تک پہنچایا تھا۔ نیون رواں خزاں میں ’’سراط‘‘ کو امریکی اسکرینوں تک لے جائے گی۔

یاد رہے کہ اسپین کی آخری فلم جو بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے آسکر کے لیے نامزد ہوئی تھی، وہ جے اے بایونا کی ’’سوسائٹی آف دی اسنو‘‘ (Society of the Snow) تھی جسے 2024 میں برطانیہ کی فلم ’’دی زون آف انٹرسٹ‘‘ کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے