برازیل میں سرکس کے دوران کرتب دکھانے والی بازیگرہ گر کر زخمی

برازیل کے شمال مشرقی علاقے ریو ڈی جنیرو کی میراسیما میں سرکس کی ایک دل دہلا دینے والی جھلک اس وقت سامنے آئی جب ایک نوجوان بازیگرہ دورانِ کرتب اچانک زمین پر آگری۔ اس واقعے نے تماشائیوں کو خوفزدہ اور حیران کر دیا۔
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کے مطابق، علیانے دیاس نامی بازیگرہ اپنے بالوں کے ذریعے اسٹیل کے ایک تار سے لٹک کر فضا میں گھومنے کا کرتب دکھا رہی تھیں کہ اچانک توازن بگڑنے سے وہ دھڑام سے اسٹیج پر آگریں۔ یہ حادثہ ہفتہ کی شب پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیاس گلابی لباس زیب تن کیے فضا میں بلند ہوتی ہیں اور چند لمحوں بعد زمین پر زور دار انداز میں گرتی ہیں۔ موقع پر موجود طبی عملے نے فوری طور پر انہیں ابتدائی امداد فراہم کی اور اسٹریچر پر ڈال کر اسپتال منتقل کیا۔ سرکس انتظامیہ سیرکو روباتینی کے مطابق، دیاس کو بروقت اور مؤثر طبی امداد مہیا کی گئی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ سرکس انتظامیہ نے حادثے کی ذمہ داری اپنے آلات پر نہیں بلکہ خود بازیگرہ پر عائد کی۔ ان کا کہنا ہے کہ:
“اس کرتب میں اسٹیل کے تار سے بالوں کے ذریعے لٹکنے کے دوران، فنکارہ خود ہی حفاظتی گرہ لگاتی ہیں جیسا کہ پروٹوکول میں درج ہے۔ ابھی تک اصل وجہ سامنے نہیں آئی، ہم ان کی مکمل صحتیابی اور واپسی کے منتظر ہیں تاکہ مزید تفصیلات معلوم ہوسکیں۔”