بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کی موت ڈرامہ نکلی، آگاہی کی کوشش قرار
بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے نے اپنی موت کی ایک دن بعد خود ہی تردید کردی اور اسے محض ایک مہم قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سروائیکل کینسر میں مبتلا ہونے کے باعث گزشتہ روز 32 سالہ پونم پانڈے کی موت کا اعلان ان ہی کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب اداکارہ نے خود ہی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو اور دیگر پیغامات جاری کیے ہیں۔
پونم پانڈے نے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ میں زندہ ہوں، میں سروائیکل کینسر کی وجہ سے نہیں مری۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ دوسرے کینسر کی طرح اس کینسر کا بھی علاج ہے، جس کے لیے ٹیسٹ اور اس کی ویکسین کروانا ضروری ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں باور کروانا ہے کہ اس سرطان کی وجہ سے مزید زندگیاں ضائع نہ ہوں۔
پونم پانڈے نے اپنے ایک مزید پیغام میں لکھا کہ مجھے افسوس ہے اور میں معذرت خواہ ہوں جن کو میں نے تکلیف پہنچائی۔ میرا ارادہ تھا کہ لوگوں کی توجہ سروائیکل کینسر کی طرف لے جا سکوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پونم پانڈے کی موت کو بھارتی میڈیا نے بھی سچ سمجھتے ہوئے رپورٹ کیا تھا۔
اس پوسٹ کو جو بعد میں خبر بھی بنی، اس سے بھارت میں کئی لوگ پریشان دکھائی دیے تھے کیونکہ اداکارہ کو تین دن پہلے گووا میں ایک تقریب میں دیکھا گیا تھا۔