ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچیز کی سیاست اور تجزیہ کار

میڈرڈ (17 ستمبر 2025) اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے سیاسی موسمِ خزاں کی واپسی پر کسی بھی قسم کی نرمی نہ دکھاتے ہوئے اپنے مخالفین کے خلاف سخت حکمتِ عملی اختیار کر لی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت نے ’’کاتالان پراسس‘‘ کی باقیات کو ایک نئی شورش اور سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کی شکل دے دی ہے، جس میں غزہ کے شہریوں کی حالتِ زار اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو پر تنقید کو بہانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں ’’لا وُئلتا‘‘ سائیکل ریس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کو حکومت بطور سیاسی ہتھیار استعمال کر رہی ہے تاکہ عوام کو مرعوب کر کے سیاسی منظرنامہ بدلا جا سکے۔ سانچیز کو اپنی جماعت اور اہلِ خانہ کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات، ریاستی اداروں اور بنیادی سہولتوں کے بحران اور تازہ سروے میں پاپولر پارٹی (PP) اور وُکس (Vox) کے اکثریتی امکانات کے باعث دباؤ کا سامنا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سانچیز نے اپنی تعطیلات ’’لا ماریتا” میں گزارتے ہوئے اس حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی، جس کا مقصد معاشرتی تقسیم کو مزید گہرا کرنا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں سوشلسٹ پارٹی کو قدامت پسند سوشل ڈیموکریسی سے ہٹا کر سخت گیر بائیں بازو کی سیاست اور ’’نیو مارکسزم‘‘ کی طرف لے گئے ہیں۔
’’لا وُئلتا‘‘ کے بائیکاٹ اور احتجاجی تشدد میں مبینہ طور پر پرانے ایٹاز اور نئے جہادی عناصر کی موجودگی نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سانچیز ایک فرانسیسی ماڈل کو دہرا رہے ہیں، جسے بائیں بازو کے سخت گیر رہنما ژاں لیوک میلانشوں نے اپنایا تھا۔ فرانس میں ان کی حکمتِ عملی نے صدر میکرون کو کمزور کیا اور ملک کو بار بار ہڑتالوں اور پرتشدد مظاہروں کی طرف دھکیلا۔
اسی طرز پر اسپین میں سانچیز کی کوشش ہے کہ وُکس کے رہنما سانتیاگو اباسکال کو مرکزی مخالف بنا کر سیاسی فضا کو مزید پولرائز کیا جائے، تاکہ:
- بائیں بازو کے ووٹرز کو ’’انتہا دائیں بازو‘‘ کے خوف سے متحرک رکھا جائے،
- پاپولر پارٹی کی واضح اکثریت روکی جا سکے اور اسے وُکس پر انحصار کرنا پڑے،
- معاشرتی و سیاسی کشیدگی اتنی بڑھا دی جائے کہ فیخو (PP رہنما) کے لیے حکومت سازی مشکل ہو جائے۔
تجزیہ نگاروں کے نزدیک ’’لا وُئلتا‘‘ کے دوران رونما ہونے والے واقعات اس بات کی جھلک ہیں کہ اگر دائیں بازو برسراقتدار آیا تو بایاں بازو سڑکوں پر بھرپور مزاحمت کرے گا۔