ٹیکسی ڈرائیور کا کاتالان زبان لازمی قرار دینے کے مجوزہ قانون پر سخت ردعمل

بارسلونا، 19 ستمبر 2025 — کاتالونیا کی جنرالیتات آئندہ ہفتے پارلیمان میں ٹیکسی سے متعلق نئے قانون کا مسودہ پیش کرے گی، جس میں شہری سطح پر وی ٹی سی (VTC) سروسز کے خاتمے اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے کاتالان زبان میں کم از کم ایک مخصوص سطح تک مہارت لازمی قرار دینے کی تجویز شامل ہے۔
زبان کے دفاع میں سرگرم تنظیم ’’پلاتافورما پر لا لینگوا‘‘ نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور زور دیا ہے کہ لازمی معیار B1 کے بجائے B2 سطح کا ہونا چاہیے۔ یہ شرط دو برس کے اندر اندر نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد اب تک موجود لچک ختم ہو جائے گی۔
یہ قانون کئی ٹیکسی ڈرائیوروں میں بے چینی اور ناراضی کا باعث بنا ہے۔ مثال کے طور پر کارمن، جو 26 سال سے بارسلونا میں مقیم ایک اندلسیہ نژاد ٹیکسی ڈرائیور ہیں، نے اینتینا 3 کے پروگرام ’’ایسپیخو پوبلیکو‘‘ میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاتالان زبان سمجھتی ہیں لیکن بول نہیں پاتیں۔
انہوں نے کہا:’’میں انگریزی سیکھنا چاہتی ہوں، کاتالان بولنا نہیں آتا، البتہ بچوں کے اسکول اور ملاقاتوں کی وجہ سے سمجھ لیتی ہوں۔ لیکن جب کوئی بہت تیز اور خالص کاتالان بولتا ہے تو مشکل ہو جاتی ہے۔‘‘
کارمن کے مطابق:’’بنیادی سطح کا کاتالان کافی ہے تاکہ سمجھ سکیں کہ مسافر کہاں جانا چاہتے ہیں۔ اس قانون کی کیا منطق ہے؟ یہ کچھ زیادہ ہی سخت لگتا ہے۔‘‘
پروگرام کی بحث میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آیا اس شرط کے ذریعے پاکستانی یا لاطینی نژاد ڈرائیوروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔