سوڈان میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے سپاہی محمد طارق کی بدین میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

سوڈان میں پاک فوج کے شہید ہونے والے سپاہی محمد طارق کو بدین میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی محمد طارق 29 جنوری کو یو این امن مشن کے دوران جنوبی سوڈان کے متنازع علاقے میں شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی محمد طارق کی نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، اہلکار، اہلخانہ اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے امن دستے نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت اور فرض سے لگن پر خود کو ممتاز کیا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اندرون اور بیرون ملک ہر محاذ پر پاکستان کی سر بلندی کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک181 پاکستانی دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

سپاہی محمد طارق کیسے شہید ہوئے؟

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 جنوری کو عسکریت پسندوں نے پاکستانی امن دستہ کے قافلے پر سوڈان کے علاقے ایبی میں گھات لگا کر حملہ کیا  تھا۔

حملے کے وقت پاکستانی امن دستے کا قافلہ دو مقامی مریضوں کو اسپتال لے جارہا تھا۔

پاکستانی امن دستوں نے حملے کا مؤثر جواب دیا اور عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سندھ کے شہر بدین سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد طارق نے جام شہادت نوش کیا اور 2 اہلکاروں سمیت چار افراد بھی زخمی ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے