بادشاہ فیلیپ ششم اور ملکہ لیتیزیا کی اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات، پیدرو سانچز کا ریلوے سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا اعلان، وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوئنٹے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
اسپین کے صوبے تولیدو کے علاقے اُردا میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 69 ہو گئی ہے، جبکہ تقریباً 200 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کاستیلا لا مانچا کے صدر ایمیلیانو گارسیا پیج نے جمعرات کو ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی۔
حکام کے مطابق، زخمیوں میں سے 50 افراد اب بھی کاستیلا لا مانچا کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ میڈرڈ کی طبی خدمات بھی تقریباً 100 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر چکی ہیں۔
اسپین کے بادشاہ فیلیپ ششم اور ملکہ لیتیزیا نے تولیدو کا دورہ کیا اور یونیورسٹی اسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہی جوڑے نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم پیڈرو سانچز نے حادثے کے مقام اُردا میں ہنگامی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے ریلوے کی سیکیورٹی مزید مضبوط کی جائے گی۔
دوسری جانب، اپوزیشن جماعت پاپولر پارٹی کے رہنما البرتو نونییز فیخو نے وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوئنتے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر نے حادثے کا ذمہ دار آتوچا اسٹیشن کے ایک آپریٹر کو ٹھہرا کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔
ٹریڈ یونین سی سی او او نے بھی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے ریلوے ملازمین کو موردِ الزام ٹھہرانے پر وزیرِ ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آسکر پوئنتے نے حادثے کے بارے میں کانگریس میں پیش ہو کر تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ جمعے کی صبح ایک پریس کانفرنس میں تازہ ترین معلومات بھی پیش کریں گے۔
حکام کے مطابق، حادثے میں لاپتا ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کی جانب سے 64 شکایات درج کرائی گئی ہیں۔
متاثرہ مسافروں کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے رینفے نے 900 10 10 20، جبکہ ایریو نے 900 001 403 ہیلپ لائن جاری کی ہے۔ کاسٹیلا لا مانچا کی ایمرجنسی سروس سے 900 122 112 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
