پاکستان اور بھارت کے درمیان غیر مشروط بات چیت مشکل ہوگئی ہے، شیری رحمٰن
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان غیر مشروط بات چیت مشکل ہوگئی ہے، بار بار پاکستان مذاکرات کی پیشکش تو نہیں کرسکتا۔
یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ 5 فروری یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت کی یاد دہانی کراتا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کرتے ہیں، 7 دہائیوں سے حل نہ ہونے والا مسئلہ کشمیر عالمی شعور اور ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا حق خود ارادیت یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی انصاف، حق خود ارادیت اور بھارت سے آزادی کے حصول کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو زرداری تک پاکستان پیپلز پارٹی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1990ء میں 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی طرف عالمی دنیا کی توجہ دلانے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منانے کا آغاز کیا۔
سینیٹر شیری رحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں سب سے پرانا مسئلہ ہے، مشکل وقت میں ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔