تولیدو ٹرین حادثے میں کم از کم 69 افراد کی ہلاکت کے بعد وزیر نے اپنا عہدہ وزیراعظم کے حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم پیدرو سانچز نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
میڈرڈ/اسپین کے وزیر ٹرانسپورٹ اور پائیدار نقل و حرکت آسکر پوئنتے نے بدھ کے روز تولیدو کے علاقے اوردا (Urda) میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین حادثے کے بعد اپنا عہدہ وزیراعظم پیدرو سانچز کے حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا اور اسے ’’غیر منصفانہ‘‘ قرار دیا۔
وزیر آسکر پوئنتے نے جمعہ کے روز وزارت ٹرانسپورٹ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق ذمہ داری قبول کرنے کا بہترین طریقہ عہدہ چھوڑنا نہیں بلکہ اپنے فرائض جاری رکھنا اور مشکل وقت میں عوام کے سامنے جواب دہ ہونا ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز تولیدو کے علاقے اوردا میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں کم از کم 69 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ حادثے میں رینفے (Renfe) کی تیز رفتار اے وی ای (AVE) ٹرین اور ایریو (Iryo) کی ٹرین آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جو میڈرڈ سے سیویل کی جانب ایک ہی ریلوے ٹریک پر سفر کر رہی تھیں۔
آسکر پوئنتے نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق میڈرڈ کے آتوچا (Atocha) ریلوے اسٹیشن میں واقع اَدِف (Adif) کے کنٹرول سینٹر میں ممکنہ خرابی حادثے کی بنیادی وجہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے روز ان کا کنٹرول سینٹر میں موجود ہونا ضروری نہیں تھا، لیکن اب حادثے سے متعلق انتظامات اور صورتحال کو سنبھالنے کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔
حادثے کے بعد وزیراعظم سانچز نے کہا تھا کہ اسپین جیسے ملک کے لیے ایک ہی سال میں دو جان لیوا ٹرین حادثات ناقابلِ قبول ہیں۔ ان بیانات کے بعد حکمراں جماعت سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کے بعض حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ وزیر ٹرانسپورٹ کو عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
تاہم وزیراعظم ہاؤس لا مونکلوا نے واضح کیا کہ آسکر پوئنتے کو وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے، جس کی تصدیق اب خود وزیر نے بھی کر دی ہے۔
