اسپین کے علاقے کاتالونیا میں موسوس دی اسکوادرا پولیس نے سائبر فراڈ کی ایک نئی خطرناک واردات کا انکشاف کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے، جس میں جعل ساز موبائل فون پر مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے بینک کارڈ کی معلومات حاصل کرکے متاثرین کے اکاؤنٹس سے رقم نکال رہے ہیں۔
روزنامہ ’’ایل پیریودیکو‘‘ کے مطابق مجرم پہلے شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجتے یا فون کال کرتے ہیں اور خود کو متعلقہ بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔ وہ شہریوں کو بتاتے ہیں کہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں کوئی مسئلہ ہے یا جلد ہی بڑی رقم کی ادائیگی ہونے والی ہے۔
اس مسئلے کے حل کے بہانے متاثرہ شخص کو موبائل فون میں ایک ایپلی کیشن انسٹال کرنے اور اپنا خفیہ پن کوڈ درج کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ بعد ازاں اسے ہدایت دی جاتی ہے کہ اپنا بینک کارڈ موبائل فون کے قریب رکھے تاکہ بینک کی جانب سے تصدیقی عمل مکمل کیا جا سکے۔
حقیقت میں یہ ایک دھوکا ہوتا ہے۔ کارڈ موبائل کے قریب لاتے ہی جعل ساز اس کی ضروری معلومات حاصل کر لیتے ہیں اور پھر ان معلومات کے ذریعے آن لائن خریداری یا اے ٹی ایم سے نقد رقم نکال سکتے ہیں۔
موسوس پولیس کے مطابق اس نئے فراڈ میں اینڈرائیڈ موبائل فونز کو متاثر کرنے والا ایک نیا نقصان دہ سافٹ ویئر (Malware) استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس طریقے سے پہلی وارداتیں تقریباً تین سال قبل چیک جمہوریہ میں سامنے آئی تھیں، جبکہ گزشتہ چار ماہ سے کاتالونیا میں بھی ایسے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیس کو ایک بینک کی جانب سے اطلاع ملی کہ بارسلونا کے قریب ایک ہی علاقے کے مختلف اے ٹی ایمز سے مختصر وقت میں متعدد مرتبہ نقد رقم نکلوائی گئی ہے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بینک کے قریب رقم نکالنے والے بعض مشتبہ افراد کی شناخت کی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ آیا ان افراد کے رابطے ایسے دوسرے لوگوں سے ہیں جو دور بیٹھ کر یہ فراڈ کر رہے تھے۔
موسوس پولیس کے مطابق 2024 سے اگست 2026 تک سائبر فراڈ کے واقعات میں 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور تقریباً 500 ملین یورو کا مالی نقصان ہوا۔ روزانہ اوسطاً 220 سائبر فراڈ کی شکایات درج ہوتی ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک کال یا پیغام پر بینک کی ہدایات سمجھ کر عمل نہ کریں، اپنا خفیہ پن کوڈ کسی کو نہ بتائیں اور فون پر موصول ہونے والے مشکوک لنکس یا ایپلی کیشنز سے گریز کریں۔
اگر کوئی شخص سائبر فراڈ کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر اپنے بینک اور پولیس کو اطلاع دے۔ شہری موسوس پولیس کے ای میل پتے internetsegura@gencat.cat پر بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
