بارسلونا کی معروف دائیگنل ایونیو پر ٹرام سروس کی توسیع کا منصوبہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ سٹی کونسل بارسلونا اور اتھارٹی آف میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ (ATM) نے منصوبے کے ٹھیکوں کے اجرا کی منظوری دے دی ہے، جبکہ تعمیراتی کاموں کے لیے رواں ہفتے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق ٹرام سروس 2031 کی پہلی سہ ماہی میں عوام کے لیے شروع ہونے کا امکان ہے۔
منصوبے کے تحت ٹرام کا نیا ٹریک ورداگوئر (Verdaguer) سے فرانسسک ماسیا (Francesc Macià) تک تعمیر کیا جائے گا، جس کی مجموعی لمبائی 2,800 میٹر ہوگی۔ اس دوران تین نئے اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں ڈائیگنل سِنک دوروس، بالمز اور کاسانوا شامل ہیں۔
اس منصوبے پر تقریباً 120 ملین یورو خرچ ہوں گے اور تعمیراتی کام 40 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کام کا آغاز 2027 کے موسم گرما میں متوقع ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ ٹرام کے مسافروں کی تعداد 75 ملین تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ روزانہ نجی گاڑیوں کے تقریباً 12,500 سفر کم ہو سکتے ہیں۔
منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک بند نہیں کی جائے گی اور نہ ہی سائیکل ٹریک کو ختم کیا جائے گا۔ کام پانچ مختلف حصوں میں بیک وقت مکمل کیا جائے گا تاکہ تعمیراتی مدت کم رکھی جا سکے۔
دائیگنل ایونیو کی مجموعی طور پر 115,000 مربع میٹر جگہ کو نئے سرے سے بہتر بنایا جائے گا۔ اس میں 16,000 مربع میٹر اضافی پیدل چلنے کی جگہ، 18,900 مربع میٹر نئے سبزہ زار اور درختوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ سائیکل سواروں کے لیے بھی سہولیات بڑھائی جائیں گی اور چار میٹر چوڑا دو طرفہ سائیکل ٹریک بنایا جائے گا۔
منصوبے میں زیرزمین پانی کے نکاس کے نظام کو بھی جدید بنایا جائے گا۔ مرکزی نکاسی آب کے نالے کی گنجائش میں 60 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا تاکہ شدید بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کے خطرات کم کیے جا سکیں۔
فرانسسک ماسیا چوک کی بھی تزئین و آرائش ہوگی، جہاں نئے درخت لگانے، فٹ پاتھ بہتر بنانے اور ٹرام اسٹیشن کو وسعت دینے کا منصوبہ شامل ہے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ بارسلونا کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام، شہری ماحول، سائیکلنگ اور پیدل چلنے والوں کی سہولیات میں نمایاں تبدیلی لائے گا۔
