بارسلونا کی سابق میئر ادا کولاو کا جہاز فنی خرابی کے باعث غزہ نہ جا سکا

بارسلونا (دوست نیوز) بارسلونا کی سابق میئر اور “گلوبل صمود فلوٹیلا” کی سرگرم کارکن ادا کولاو نے بتایا ہے کہ فلوٹیلا کا وہ جہاز، جس پر وہ سوار تھیں، فنی خرابی کے باعث اپنا سفر جاری نہیں رکھ سکے گا۔ ان کے مطابق جہاز کا انجن “پھٹ گیا” ہے، تاہم عملے اور مسافروں کو دیگر کشتیوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔
ادا کولاو نے کہا: “یہ سب کچھ ہمارے لیے ایک بڑا جذباتی دھچکا ہے، مگر اصل مقصد مشن کو جاری رکھنا اور غزہ پہنچنا ہے۔ ہم دوبارہ منظم ہو کر سفر جاری رکھیں گے۔”
انہوں نے اندازہ ظاہر کیا کہ تقریباً 40 افراد غزہ پہنچیں گے۔ فی الوقت فلوٹیلا جزیرہ کریٹ (یونان) کے قریب موجود ہے اور ادا کولاو کو توقع ہے کہ وہ چار دن کے اندر غزہ پہنچ جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کارتاخینا (مورسیا) کی بندرگاہ سے ہسپانوی بحریہ کا ’’بیوکے دی ایکسیون ماریتیما‘‘ (فورو) روانہ ہوا ہے، جو فلوٹیلا کو اپنی حمایت اور حفاظت فراہم کرے گا۔ اس جدید جہاز میں ہیلی پیڈ، ڈرونز اور طبی سہولیات موجود ہیں۔