بارسلونا میٹرو کی لائن L2 کے ایک حصے کی بندش کے باعث متبادل شٹل بسوں میں شدید رش اور بدنظمی پیدا ہوگئی ہے۔ لا پاؤ (La Pau) اور گورگ (Gorg) اسٹیشنوں کے درمیان چلنے والی بسیں مسافروں سے کھچا کھچ بھر رہی ہیں، جبکہ رش کے اوقات میں قریبی سڑکوں پر بھی ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔
سانت آدریا دے بیسوس (Sant Adrià de Besòs) کی ایک رہائشی خاتون، جو روزانہ میٹرو کے متاثرہ حصے سے سفر کرکے بارسلونا کے علاقے سانت انتونی میں اپنے کام پر جاتی ہیں، نے صورتحال پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا“بس آنے میں ایک صدی لگ جاتی ہے اور پھر لا پاؤ اسٹیشن پہنچ کر میٹرو کا انتظار بھی ایک صدی تک کرنا پڑتا ہے۔ ہم بسوں میں مچھلیوں کی طرح ڈبوں میں ٹھنسے ہوئے سفر کرتے ہیں۔ اب تو صرف جاپان کی طرح لوگوں کو بس میں دھکیل کر داخل کرنے والے افراد کی کمی رہ گئی ہے۔”
خاتون کے مطابق بعض اوقات بسوں کے دروازے بھی بند نہیں ہو پاتے، حالانکہ یہ ڈبل سائز کی بسیں ہیں۔
متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کے مطابق رش اس قدر زیادہ ہے کہ مسافروں کو کئی بسیں چھوڑنے کے بعد بھی سوار ہونے کا موقع ملتا ہے۔
بارسلونا کے مرکز میں کام کرنے والے بادالونا کے رہائشی کارلوس ایم کا کہنا ہے“گزشتہ روز لا پاؤ اسٹیشن پر مجھے تین بڑی آرٹی کیولیٹڈ بسیں چھوڑنی پڑیں، کیونکہ ان میں پاؤں رکھنے کی بھی جگہ نہیں تھی۔”
ان کے مطابق جب کسی طرح بس میں جگہ ملتی ہے تو مسافروں کو شیشے سے چپک کر کھڑے رہنا پڑتا ہے اور سفر کے دوران اچانک بریک لگنے سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔ دوسری جانب میٹرو اسٹیشن پہنچنے پر ٹرینوں کی آمد کا وقفہ بھی اتنے زیادہ مسافروں کو سنبھالنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہا ہے، جس سے سفر کا دورانیہ تقریباً دوگنا ہو جاتا ہے۔
متبادل سفری نظام کے باعث لا پاؤ اسٹیشن ایک بڑے ٹرانسپورٹ بحران کا مرکز بن گیا ہے، جہاں میٹرو کی کم تعداد اور شٹل بسوں میں غیر معمولی رش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گورگ سے روزانہ سفر کرنے والی ایک ٹیچر نوریا کا کہنا ہے“آپ 45 منٹ پہلے گھر سے نکلتے ہیں کہ وقت پر پہنچ جائیں گے، لیکن اس کے باوجود دیر ہو جاتی ہے۔ یہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے۔”
مسائل صرف بسوں تک محدود نہیں بلکہ متبادل ٹرانسپورٹ کے باعث سڑکوں پر بھی شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آ رہا ہے۔
خصوصاً آرتیگس | سانت آدریا (Artigues | Sant Adrià) اسٹیشن کے قریب واقع جون 23 (Joan XXIII) سڑک پر صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔
یہ سڑک پہلے ہی مقامی ٹریفک کا دباؤ برداشت کر رہی تھی، لیکن اب بڑی ڈبل بسوں کی آمدورفت اور موڑ کاٹنے میں مشکلات کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک رک جاتی ہے۔
علاقے کے ایک دکاندار نے شکایت کرتے ہوئے کہا“جون 23 سڑک پر مکمل افراتفری ہے۔ بڑی بسوں کو موڑ کاٹنے میں شدید دشواری ہوتی ہے، وہ چوراہوں کے درمیان پھنس جاتی ہیں اور ٹریفک مکمل طور پر رک جاتی ہے۔”
خصوصاً شام 6 بجے کے بعد ٹریفک جام کئی کلومیٹر تک پھیل جاتا ہے۔
بارسلونا ٹرانسپورٹ ادارے ٹی ایم بی (TMB) کے چیف ایگزیکٹو زیویئر فلورس نے چند روز قبل پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ میٹرو لائن کے متاثرہ حصے میں پلیٹ فارم کے نیچے پانی رسنے کے باعث دباؤ پیدا ہوا، جس سے پلیٹ فارم کو نقصان پہنچا۔ یہ مسئلہ حالیہ شدید بارشوں کے بعد سامنے آیا۔
ان کے مطابق متبادل انتظامات سے روزانہ تقریباً 25 ہزار مسافر متاثر ہوں گے۔
ٹی ایم بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اس عارضی انتظام سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ ہے، تاہم کارکنوں اور مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ اسی وجہ سے متاثرہ حصے کو جزوی طور پر بند کرکے مرمتی کام تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹی ایم بی کے مطابق مرمتی کام زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا اور میٹرو لائن L2 کی سروس جمعہ 4 دسمبر تک معمول کے مطابق بحال ہونے کی توقع ہے۔
اس دوران متاثرہ حصے کے درمیان متبادل شٹل بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی ایم بی نے مسافروں کو میٹرو اور دیگر بس لائنوں کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔
ان میں H10 بس لائن بھی شامل ہے، جو بارسلونا اور اس کے قریبی میٹروپولیٹن علاقوں کے درمیان سفر کے لیے متبادل سہولت فراہم کرتی ہے۔
