بارسلونا: کاتالونیا میں ڈرائیونگ لائسنس کے عملی امتحانات میں غیر معمولی تاخیر اور امیدواروں کی طویل انتظار کی فہرستوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی حکومت نے ایک نئی تجویز پیش کر دی ہے، جس کے تحت پولیس کے ایسے اہلکاروں کو ڈرائیونگ امتحانات لینے کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے جو عمر یا جسمانی مسائل کے باعث فیلڈ ڈیوٹی انجام نہیں دے رہے۔
کاتالونیا کی وزیر داخلہ نوریا پارلون نے 5 نومبر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں بتایا کہ حکومت موسوس دی اسکواڈرا پولیس کے ان اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے جو ’’سیکنڈ ایکٹیویٹی‘‘ (Segunda Actividad) کے تحت کام کر رہے ہیں۔ اس حیثیت میں اہلکار سڑکوں پر گشت اور دیگر عملی پولیس فرائض انجام نہیں دیتے، تاہم وہ دیگر سرکاری ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں۔
پیرلون نے کہا کہ ہمارے پاس پولیس اہلکاروں کی تعداد ضرورت سے زیادہ نہیں ہے، اس لیے دستیاب افرادی قوت کو بہتر انداز میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق دوسری سرگرمی کے تحت تعینات اہلکار ڈرائیونگ امتحان لینے والوں کے طور پر بہترین خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت کاتالونیا میں تقریباً 85 ہزار افراد ڈرائیونگ لائسنس کا تحریری امتحان پاس کرنے اور ڈرائیونگ کی تربیت مکمل کرنے کے باوجود عملی امتحان کی تاریخ کے منتظر ہیں۔ امیدواروں کو عملی امتحان کے لیے چھ سے آٹھ ماہ تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ حکومت تاحال اس مسئلے کا مناسب حل تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، تاہم اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے ڈرائیونگ امتحانات کے لیے مزید اہلکاروں کی تعیناتی اور سرکاری سطح پر نئے اقدامات کی حمایت بھی کی۔
دوسری جانب کاتالونیا میں گزشتہ سال محکمہ ٹریفک (DGT) کی جانب سے امتحان لینے والوں کی 44 آسامیاں پیش کی گئی تھیں، لیکن ان میں سے صرف 15 پر تقرریاں ہو سکیں۔
قومی سطح پر بھی تقریباً 300 امتحان لینے والے اہلکاروں اور 700 انتظامی ملازمین کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث اسپین بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے امتحانات کا نظام دباؤ کا شکار ہے۔
