میڈرڈ / اسپین میں انتہائی دائیں بازو کی تنظیم نیوکلئو ناسیونال (Núcleo Nacional) کے خلاف قومی پولیس نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے تنظیم کے 14 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 10 مقامات پر تلاشی لی گئی، جن میں میڈرڈ میں تنظیم کا مرکزی دفتر بھی شامل ہے۔
یورپ پریس کے مطابق پولیس نے میڈرڈ، آستوریاس، گوادالاخارا، وایادولید، پونتے ویدرا، بورگوس اور الیکانتے میں چھاپے مارے۔ گرفتار ہونے والوں میں تنظیم کے متعدد اہم رہنما بھی شامل ہیں۔ پولیس کا آپریشن جمعہ کی شام تک جاری تھا اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
قومی پولیس کے جنرل انفارمیشن کمشنریٹ کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے دوران تنظیم کے مرکزی دفتر اور بعض رہائشی مکانات سے بڑی تعداد میں متعلقہ مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔
گرفتار افراد پر نفرت انگیزی پر اکسانے، غیر قانونی انجمن قائم کرنے اور اسلحہ رکھنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ آسٹوریاس کی اعلیٰ عدالت کے مطابق گرفتاریوں کے بعد عدالتی کارروائیوں سے متعلق رازداری ختم کر دی گئی ہے، تاہم پولیس آپریشن ابھی جاری ہے۔
اس کارروائی کا تعلق گزشتہ فروری میں خِیخون شہر کے جیسوٹ اسکول لا اِنماکولادا (La Inmaculada) کے قریب پیش آنے والے ایک واقعے سے ہے، جہاں متعدد نوجوانوں نے شکایت کی تھی کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ خِیخون کی عدالت نے اسی واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں مختلف شہروں میں چھاپوں اور گرفتاریوں کے احکامات جاری کیے۔
آستوریاس کی اعلیٰ عدالت کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 10 افراد گرفتار کیے گئے تھے، جن میں سے سات کو تنظیم کی اعلیٰ قیادت سے تعلق رکھنے والا قرار دیا گیا۔ ان افراد کو ممکنہ طور پر اتوار کے روز خِیخون منتقل کرکے جج کے سامنے تفتیش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
نیوکلئو ناسیونال اس سے قبل بھی نفرت انگیزی اور عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت مختلف تحقیقات کا سامنا کر چکی ہے۔ نومبر 2023 میں میڈرڈ میں PSOE پارٹی کے مرکزی دفتر کے باہر ایمنسٹی قانون کے خلاف مظاہروں کے بعد یہ تنظیم زیادہ نمایاں ہوئی تھی۔
تنظیم نے سیوتا میں مہاجرین کی آمد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ اس کے مظاہروں میں استعمال ہونے والا ایک نمایاں نعرہ ’’ری مائیگریشن‘‘ بھی ہے، جو تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر قانونی حیثیت دینے کی مخالفت کے تناظر میں استعمال کیا جاتا ہے۔
نیوکلئو ناسیونال اسپین کی وزارت داخلہ کے قومی انجمنوں کے رجسٹر میں درج ہے، جبکہ نومبر ناسیونال (Noviembre Nacional) کے نام سے ایک برانڈ سیاسی جماعتوں کے رجسٹر میں بھی درج کرایا گیا ہے۔
اسپین کے قانون کے تحت کسی انجمن کو معطل یا تحلیل کرنے کے لیے مجاز عدالتی اتھارٹی کا باقاعدہ فیصلہ ضروری ہے۔ وزارت داخلہ نے اپریل میں بھی اعتراف کیا تھا کہ موجودہ قانون کے تحت انتہائی دائیں بازو سے منسلک انجمنوں یا سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن روکنے کے اس کے اختیارات محدود ہیں۔
