اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے معروف ٹی وی میزبان ایل گران وائیومنگ کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی اگلی وزارتِ عظمیٰ کی حلف برداری تک ٹی وی پروگرام نہ چھوڑیں۔
71 سالہ ایل گران وائیومنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2027 کے آغاز میں لا سیکستا کے مقبول پروگرام ’’ایل انترمیدیو‘‘ کی میزبانی چھوڑ دیں گے۔ وہ گزشتہ 20 برس سے اس پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں اور ان کی جگہ صحافی گونزو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پیدرو سانچیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وائیومنگ نے کئی برسوں تک مزاح، حقائق اور دیانت داری کے ساتھ لاکھوں ہسپانوی شہریوں کا ساتھ دیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وائیومنگ کے لیے زندگی کے نئے مرحلے میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
تاہم وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’اتنے طویل عرصے کے بعد میری اگلی حلف برداری تک تو رک جاؤ۔‘‘
وائیومنگ نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش آرام سے رہنا اور کچھ نہ کرنا تھی، جسے پورا کرنے میں انہیں 71 سال لگ گئے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ وہ جلد ریٹائر ہونا چاہتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ووکس پارٹی حکومت میں آ جائے اور ان کی پنشن ختم کر دے۔
واضح رہے کہ وائیومنگ کی علیحدگی کے باوجود پروگرام ’’ایل انترمیدیو‘‘ جاری رہے گا۔ ان کے جانشین گونزو اس سے قبل سات سال تک پروگرام ’’سالوادوس‘‘ کی میزبانی کر چکے ہیں۔
وائیومنگ کی ریٹائرمنٹ پر اسپین کی متعدد سیاسی اور صحافتی شخصیات نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
