بارسلونا/ کاتالونیا کی پولیس موسوس دِ اسکواڈرا نے ’بلوکس‘ (Blocus) کے تشہیری چینلز سے مبینہ تعلق اور 24 اکتوبر کو بارسلونا میں ہونے والے احتجاج کے دوران سرگرم کردار ادا کرنے کے الزام میں ایک اور کم عمر نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس احتجاج کے دوران 133 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
کاتالونیا پولیس کے مطابق جمعے کے روز یہ گرفتاری بارسلونا کے علاقے ویلس اوکسیڈینٹل (Vallès Occidental) میں عمل میں آئی۔ تحقیقات کے دوران ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ اور متعدد فوری پیغام رسانی کے گروپس کی نشاندہی ہوئی، جنہیں احتجاج کی تشہیر اور شرکا کو منظم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ مذکورہ نوجوان ان چینلز میں سرگرم تھا اور احتجاجی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ اس سے متعلق مواد پھیلانے میں بھی کردار ادا کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق زیرِ تفتیش ٹک ٹاک اکاؤنٹ نے نہ صرف 24 اکتوبر کے احتجاج میں کردار ادا کیا بلکہ 31 اکتوبر کو بارسلونا میں ہونے والی ایک نئی احتجاجی سرگرمی میں بھی لوگوں کو شرکت کی ترغیب دی، تاہم اس موقع پر کوئی بڑا ہنگامہ یا اہم گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
پولیس نے مقدمے کی کارروائی بارسلونا کی جووینائل پراسیکیوشن (نابالغوں کے لیے استغاثہ) کو بھیج دی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا۔
اس تازہ گرفتاری کے بعد ’بلوکس‘ سے مبینہ تعلق کے سلسلے میں گرفتار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
